مجاہد کالونی ناظم آباد نمبر 7 میں متبادل جگہ فراہم کئے بغیر غریبوں کے گھروں کو مسمار کرنے کو سرار ظلم ہے مصطفی کمال
November 8, 2022
*مؤرخہ: 8 نومبر، 2022*
(پریس ریلیز)
چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے مجاہد کالونی ناظم آباد نمبر 7 میں متبادل جگہ فراہم کئے بغیر غریبوں کے گھروں کو مسمار کرنے کو سرار ظلم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان لوگوں کو متبادل جگہ فراہم نہیں کی گئی تو یہ ہزاروں افراد کسی اور جگہ کو انکروچ کریں گے، یہ ہزاروں لوگ ہوا میں تحلیل نہیں ہونگے، ریاست کا کام مسائل کو حل کرنا ہوتا ہے ناکہ مسائل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کرنا۔ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور چھت فراہم کرنا ریاست کی زمہ داری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس کراچی میں مجاہد کالونی ناظم آباد نمبر 7 کے پختون برادری سے تعلق رکھنے والے معززین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے دورِ نظامت میں لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے دوران 34 ہزار گھروں کو منہدم کرنا پڑا تھا لیکن تمام مکینوں کو متبادل جگہ فراہم کی گئی۔ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے وقت ریاست، عدلیہ اور بلدیاتی حکومت نے ہزاروں گھر منہدم کرنے سے پہلے متاثرین کے لئے 3 آبادیاں بمع بنیادی سہولیات بنائیں، 80 گز کا پلاٹ اور 50 ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کرنے کے بجائے مجاہد کالونی کے مسئلے کو میرے دورِ نظامت کے لائحہ عمل پر عملدرآمد کرتے ہوئے مجاہد کالونی کے مکینوں کو بھی متبادل جگہ فراہم کی جائیں۔