عمران خان کے جھوٹے بیانیے کو مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی کرپٹ، متعصبانہ اور موروثی سیاست سے زِیر نہیں کیا جاسکتا۔ مصطفی کمال
November 2, 2022
*مورخہ: 2 نومبر ، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان کے جھوٹے بیانیے کو مسلم لیگ(ن) اور پیپلزپارٹی کی کرپٹ، متعصبانہ اور موروثی سیاست سے زِیر نہیں کیا جاسکتا۔ عمران خان کے حمایتیوں کو بھی علم ہے کہ عمران خان جھوٹ بول رہے ہیں لیکن وہ پھر بھی انکی حمایت انکی محبت میں نہیں۔ بلکہ لوگ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ(ن) کی متعصبانہ، کرپٹ اور موروثی سیاست سے تنگ ہیں۔ تمام تر زیادتیوں کے باوجود ریاستی اداروں کے اعلٰی ظرف کا مظاہرہ کرتے ہوئے غلطیوں کا اعتراف کر کے غلطیوں کو سدھارنے کے عزم کے اظہار پر قوم انکے ساتھ کھڑی ہے۔ پاکستان کی بقاء اداروں کی مضبوطی سے وابستہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ باپ وزیراعظم اور بیٹا وزیر اعلیٰ کی پالیسی نے حکمران اتحاد کو نقصان اور عمران خان کو فائدہ پہنچایا ہے۔ اگر ان عہدوں پر کوئی اور شخصیات ہوتیں تو لوگ اس طرح عمران خان کے ساتھ باہر نہ نکلتے لیکن عوام کو بادشاہت قبول نہیں۔ عمران خان کے بیانیے کو اپنی اقربا پروری سے سپورٹ کیا جا رہا ہے۔