پی ایس پی کو ووٹ نہ دیکر آج پوری قوم گٹر ملا پانی پینے پر مجبور ہے مصطفی کمال
September 11, 2022
*مؤرخہ: 11 ستمبر، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ اگر پی ایس پی کو ووٹ نا دے قوم کے حالات بہتر ہورہے ہوتے تو پھر کیا مسئلہ تھا لیکن پی ایس پی کو ووٹ نہ دیکر آج پوری قوم گٹر ملا پانی پینے پر مجبور ہے، پورا پورا خاندان نالوں میں گر کر ختم ہو رہا ہے، کچرا اٹھ نہیں رہا، لوگ نالے میں گر کر مر رہے ہیں، کے الیکٹرک ہر بار قوم پر بم گرا دیتی ہے، ہر جانب تباہی و بربادی ہے۔ جنکو کراچی ووٹ دے کر منتخب کر رہا ہے وہ آپکو فیول ایڈجسٹمںنٹ چارجز اور نالوں میں گرنے سے نہیں بچا سکتے۔ اگر پیپلز پارٹی کو کوئی لگام دے سکتا ہے وہ صرف پاک سر زمین پارٹی ہے۔ اہل کراچی میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، اہلیان کراچی کو محسوس ہوتا ہے کہ ان کا کوئی وارث نہیں ہے کیونکہ پیپلز پارٹی سے کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ،جب تک پیپلز پارٹی کو لگام نہیں دیں گے تب تک ہمارے بچوں کا مستقبل ٹھیک نہیں ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ NA-239 کے مرکزی دفتر بمقام ملیر (کوثر ٹاؤن) کے افتتاحی کے تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی ،این اے 239 کے امیدوار محمد شارق جمال, جوائنٹ سیکرٹری آفاق جمال، فنانس سیکرٹری شاکر علی اور نیشنل کونسل ممبر و صدر ڈسٹرکٹ کورنگی نجم مرزا بھی موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورے پاکستان کو چلا رہا ہے لیکن اس شہر کے مینڈیٹ بدکرداروں کے پاس ہے، کراچی کے چوکیداروں نے چوروں کے ساتھ مل کر کراچی کو لوٹا ہے۔ملک چلانے والوں کو سمجھ لینا چاہیے ملک کو بلدیاتی نظام کی اشد ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کو علم ہے کہ چونکہ وہ کراچی حیدرآباد سے نہیں جیت سکتے اس لیے انتخابات ملتوی کرتے جا رہے ہیں، ہمارے علاؤہ کوئی کراچی اور حیدرآباد سمیت پورے پاکستان کو کوئی ٹھیک نہیں کرسکتا۔ ہمارے ہی پاس وہ علم، تجربہ، کارکردگی اور کردار ہے جو پاکستان کے معاشی انجن کو ٹھیک کردے گا۔ عوام کو درست فیصلہ کرنا ہوگا۔ اگر عوام پی ایس پی کو ووٹ دیتی تو ہم راتوں میں جاگ کر ان کی صبح کو بہتر بنا رہے ہوتے۔ اگر عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو انہیں ایک رات میں حالات بہتر ہونا دکھائی دیں گے۔ ہمارے ہی ہاتھوں سے یہ شہر بنا تھا، ہمیں مسائل اور انکا حل سمجھنے کے لیے پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کی ضرورت نہیں ہے، ہم ہی اس شہر کے ڈاکٹر ہیں۔ اس شہر کے غلط انتخاب نے کراچی کو وینٹیلیٹر پر پہنچا دیا ہے، اب بھی اگر پی ایس پی کو ووٹ نہیں دیا تو خدانخواستہ وینٹیلیٹر سے قبرستان کا سفر شروع ہو جائے گا۔