پیپلز پارٹی کی کرپٹ، نااہل اور متعصب حکومت نے کراچی کو جان بوجھ کر جرائم پیشہ عناصر کے رحم کرم پر چھوڑ دیا ہے آسیہ اسحاق
September 8, 2022
*مؤرخہ: 8 ستمبر، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات آسیہ اسحاق نے کہا کہ پاکستان کی معاشی شہ رگ اور سندھ کے بجٹ میں 90 فیصد دینے والے شہر کراچی کے شہریوں کے ساتھ لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائمز کی بڑھتی ہوئی وارداتیں ثابت کررہی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ، نااہل اور متعصب حکومت نے کراچی کو جان بوجھ کر جرائم پیشہ عناصر کے رحم کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ایک جانب کراچی کو لٹیرے لوٹ رہے ہیں تو دوسری جانب کراچی کے نام نہاد ٹھیکیدار اور چوکیدار ایم کیو ایم نے چوروں کیساتھ مل کر کراچی کو کٹوانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ پولیس کا دور دور تک کوئی نام نشان نہیں ہوتا۔ گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کے دوران مجموعی طور پر 350 افراد ہلاک، 270 کے قریب افراد زخمی ہوئے۔ شہریوں سے 32,000 سے زائد موٹر سائیکل، 1,300 کاریں چوری یا چھینی گئیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ کراچی وفاقی حکومت چلانے کا تاوان ادا کررہا ہے۔ جب تک بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت کمیونٹی پولیسنگ کا نظام رائج نہیں ہوتا تب تک پائیدار امن ناممکن ہے۔ آسیہ اسحاق نے شہر کراچی میں اسٹریٹ کرائمز اور اسکے نتیجے میں کئی معصوم انسانوں کے بے رحمانہ قتل پر گہرے غم اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ کراچی میں بڑھتی وارداتوں اور جرائم کی روک تھام کی جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے بصورت دیگر عوام میں شدید غم و غصہ ہے جو کسی بھی وقت آتش فشاں کی صورت میں پھٹے گا اور حکمرانوں کو بہالے جائے گا۔