سندھ میں حالیہ سیلاب نے پیپلز پارٹی کی نااہلی اور کرپشن کا ڈھول پوری دنیا میں پیٹ دیا ہے انیس قائم خانی
September 5, 2022
*مؤرخہ: 5 ستمبر، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا کہ سندھ میں حالیہ سیلاب نے پیپلز پارٹی کی نااہلی اور کرپشن کا ڈھول پوری دنیا میں پیٹ دیا ہے۔ اربوں روپے کے بجٹ کے باوجود پروونشل ڈیزازٹر مینیجمینٹ اتھارٹی کا کہیں نام و نشان نہیں۔ پیپلز پارٹی کے وزراء، ایم این ایز، ایم پی ایز سیلاب کے راستے میں صرف اپنی زمینیں اور جاگیریں بچانے کے لیے کٹ لگا کر پورے پورے شہروں اور بستیوں کا نام و نشان مٹا دیا گیا ہے۔ پیپلزپارٹی کی حد درجہ نااہلی، کرپشن اور بے حسی کے باعث سندھ کا ایک کے بعد ایک ضلع پانی برد ہورہا ہے جبکہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کے وزراء اب تک ایک دوسرے سے ہنستے مسکراتے یہی پوچھ رہے ہیں پانی کو کیسے نکالا جائے، کسی قسم کا نا کوئی پہلے پلان موجود تھا اور نا ہی ہزاروں انسانی جانوں، لاکھوں مویشیوں اور اربوں روپے مالیت کی فصلیں تباہ ہونے کے بعد کوئی پلان موجود ہے کہ پانی کیسے نکالا جائے۔ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں یہی حال ہے، آج اگر حکومت ایماندار، قابل اور محنتی قیادت کے پاس ہوتی تو وہ بلدیاتی حکومتیں قائم کرکہ صورتحال قابو میں کرلیتی۔ ملک کو حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن نے ڈبویا ہے۔ وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ سمیت سب بغیر کسی پلاننگ کے جگہ جگہ فوٹو سیشن کرا رہے ہیں۔ عوام کے دکھوں پر مرہم رکھنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بارشوں کی پیشگی اطلاع کے باوجود کوئی لائحہ عمل تیار نہیں کیا گیا۔ ہنگامی صورتحال میں حکومت کے ذخیرہ شدہ ٹینٹ موٹرز، بوٹس اور دیگر امدادی سامان اب ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی متاثرین تک نہیں پہنچا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال کی پلاننگ میں صرف چیزوں کو ذخیرہ کرنا نہیں بلکہ انہیں لوگوں تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ چاروں صوبوں کا یہی حال ہے اٹھارویں ترمیم کے بعد وزراء اعلیٰ عوام کے وسائل پر قابض ہیں۔ سید مصطفیٰ کمال کا بتایا ہوا راستہ ہی واحد ترقی کا راستہ ہے۔ اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کریں اور اپنی متعصبانہ و آمرانہ سوچ کو ختم کریں ورنہ وہ وقت دور نہیں جب عوام حکمرانوں کو انکے گھروں سے نکال کر اپنے حقوق حساب لے گی۔ سیلاب کے نتیجے میں تمام جانی و مالی نقصان کے زمہ دار اربابِ اختیار ہیں۔