کراچی مجھے دس سیٹیں دے پھر دیکھتا ہوں کے الیکٹرک کراچی والوں پر کیسے ظلم کرتی ہے۔ مصطفی کمال
August 28, 2022
*مؤرخہ: 28 اگست، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی مجھے دس سیٹیں دے پھر دیکھتا ہوں کے الیکٹرک کراچی والوں پر کیسے ظلم کرتی ہے۔ عوام کا مینڈیٹ لینے کے بعد ہم پریس کانفرنس نہیں کریں گے بلکہ وفاقی حکومت کے منہ پر کھڑا ہوکر کے الیکٹرک کو ٹھیک کردیں گے۔ فیول ایڈجسمںنٹ چارجز کے نام پر پورے ملک خصوصاً کراچی والوں کے ساتھ ظلم کیا جارہا ہے، کراچی والے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دیں گے کیونکہ وہ فیول ایڈجسٹمںنٹ چارجز بھرنے کی سکت نہیں رکھتے، غربت کی چکی میں پسے لوگ خودکشیوں پر آمادہ ہو رہے ہیں وہ کیسے اضافی بل ادا کریں؟ کے الیکٹرک باز آجائے۔ کے الیکٹرک صارفین سے صرف اصل بل وصول کرئے، کے الیکٹرک فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر لوگوں کو لوٹنا بند کرئے۔ کے الیکٹرک نے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی عدم ادائیگی پر اگر کسی کی بجلی کاٹی گئی تو پاک سر زمین پارٹی اب سخت ترین مزاحمت کرے گی۔ اگر پی ایس پی کو ووٹ نا دے قوم کے حالات بہتر ہورہے ہوتے تو پھر کیا مسئلہ تھا لیکن پی ایس پی کو ووٹ نہ دیکر آج پوری قوم گٹر ملا پانی پینے پر مجبور ہے، پورا خاندان نالوں میں گر کر ختم ہورہا ہے، کچرا اٹھ نہیں رہا، لوگ نالے میں گر کر مر رہے ہیں، کے الیکٹرک ہر بار قوم پر بم گرا دیتی ہے، ہر جانب تباہی و بربادی ہے۔ جنکو کراچی ووٹ دے کر منتخب کر رہا ہے وہ آپکو فیول ایڈجسٹمںنٹ چارجز اور نالوں میں گرنے سے نہیں بچا سکتے۔ کراچی پورے پاکستان کو چلا رہا ہے لیکن اس شہر کے مینڈیٹ بدکرداروں کے پاس ہے، کراچی کے چوکیداروں نے چوروں کے ساتھ مل کر کراچی کو لوٹا ہے۔ہمارے علاؤہ کوئی کراچی اور حیدرآباد سمیت پورے پاکستان کو کوئی ٹھیک نہیں کرسکتا۔ ہمارے ہی پاس وہ علم، تجربہ، کارکردگی اور کردار ہے جو پاکستان کے معاشی انجن کو ٹھیک کردے گا۔ عوام کو درست فیصلہ کرنا ہوگا۔ اگر عوام پی ایس پی کو ووٹ دیتی تو ہم راتوں میں جاگ کر ان کی صبح کو بہتر بنا رہے ہوتے۔ اگر عوام نے ہم پر اعتماد کیا تو انہیں ایک رات میں حالات بہتر ہونا دکھائی دیں گے۔ ہمارے ہی ہاتھوں سے یہ شہر بنا تھا، ہمیں مسائل اور انکا حل سمجھنے کے لیے پاور پوائنٹ پریزنٹیشنز کی ضرورت نہیں ہے، ہم ہی اس شہر کے ڈاکٹر ہیں۔ اس شہر کے غلط انتخاب نے کراچی کو وینٹیلیٹر پر پہنچا دیا ہے، اب بھی اگر پی ایس پی کو ووٹ نہیں دیا تو خدانخواستہ وینٹیلیٹر سے قبرستان کا سفر شروع ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل کے زمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ علاؤہ ازیں چئیر مین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے پی ایس پی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس کو پی ایس پی فاؤنڈیشن کے مرکزی ریلیف کیمپ میں تبدیل کر رہے ہیں۔ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب کے سیلاب متاثرین کیلئے علاقائی سطح پر بھی ریلیف کیمپ قائم کررہے ہیں۔ مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔