سندھ پر 15 سال سے قابض پیپلز پارٹی کی کرپٹ، نااہل اور ظالم حکومت نے کراچی سے کشمور تک سب کچھ تباہ اور برباد کردیا ہے مصطفی کمال
August 25, 2022
*مؤرخہ: 25 اگست، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس احمد قائم خانی نے کہا کہ سندھ پر 15 سال سے قابض پیپلز پارٹی کی کرپٹ، نااہل اور ظالم حکومت نے کراچی سے کشمور تک سب کچھ تباہ اور برباد کردیا ہے۔ آج سندھ بارشوں سے نہیں بلکہ تمام محکموں میں پیپلز پارٹی کی بے حساب کرپشن اور تعصب کے باعث ڈوبا ہے۔ سندھ میں سرکاری کرپشن کے ریٹ 75 فیصد سے تجاوز کر گئے ہیں، حالیہ بارشوں نے شکستہ تعمیرات کی قلعی کھل گئی ہے۔ چھوٹے چھوٹے تمام ڈیمز، سڑکیں اور کراچی سے کشمور تک پورا انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکے ہیں۔ سندھ حکومت کا سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف فنڈ قائم کرنا قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے، سیلاب سے متاثرہ تمام اضلاع سے حکومتی عہدیداروں کی جانب سے امدادی سامان بیچنے کی شرمناک خبریں آرہی ہیں۔ بہتر ہوگا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تمام محکموں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی کروڑوں روپے کی کرپشن روک کر عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام پر لگائے بصورت دیگر عوامی غیض و غضب سے اب پیپلز پارٹی کا بچنا ممکن نہیں۔ شکست کے خوف سے بلدیاتی انتخابات سے بھاگنے والی پیپلز پارٹی سینکڑوں معصوم انسانی جانوں کے ضائع ہونے، اربوں روپے کی کھڑی فصلوں، باغات، مال، مویشی، گھروں کی تباہی کی زمہ دار ہے۔ آج اگر منتخب بلدیاتی حکومتیں موجود ہوتیں تو ریسکیو اور ریلیف کا کام سرعت سے انجام دیا جاسکتا تھا۔ کراچی سے کشمور تک لاکھوں افراد بے یارو مددگار کھلے آسمان کے نیچے رہنے پر مجبور ہیں۔حالیہ بارشوں نے سندھ حکومت کے بلند و بانگ دعووں کی قلعی کھول دی ہے لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، سندھ کے باسی وفاقی حکومت چلانے کا تاوان ادا کررہے ہیں۔ ملک چلانے والے جان لیں کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے لیکن ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ مظلوم اور بےبس کی آہ عرش ہلا دیتی ہے۔ انیس قائم خانی نے پاکستان چلانے والوں سے اپیل کی کہ کراچی سے کشمور تک پورے سندھ کو آفت زدہ قرار دے کر فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔