Categories
Home News PSP News

مون سون کی بارشوں سے پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار، بیرسٹر مختار ٹاٹرے اور کرامت شیخ

مون سون کی بارشوں سے پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار، بیرسٹر مختار ٹاٹرے اور کرامت شیخ

 

*مؤرخہ: 23 اگست، 2022*

( پریس ریلیز)

پاک سر زمین پارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر بیرسٹر مختار ٹاٹرے اور جنوبی پنجاب کے صدر کرامت شیخ نے مون سون کی بارشوں سے پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہری تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں آج جتنی مایوسی ہے پہلے کبھی نہیں تھی، بلدیاتی حکومتوں کے بغیر عوامی مسائل کا حل ممکن نہیں۔ یک جنبش قلم پنجاب کے بلدیاتی نمائندوں کو گھر بھیج دیا گیا لیکن تمام سیاسی جماعتیں خاموش رہیں۔پنجاب میں بلدیاتی حکومتوں کی عدم موجودگی کا خمیازہ آج عوام بھگت رہی ہے، بلدیاتی نمائندوں کو اپنے علاقوں اور اس میں بسنے والے لوگوں کی مکمل معلومات ہوتی ہیں، جسکی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف آپریشن سرعت کیساتھ ممکن بنایا جاتا ہے۔ پنجاب اور خصوصاً جنوبی پنجاب میں سیلاب اور بارشوں کے باعث سینکڑوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، ڈی جی خان، رحیم یار خان میں سب سے زیادہ سیلاب کی وجہ سے تباہی مچی ہے لیکن پنجاب حکومت ناصرف سیاسی مخالفین کیساتھ پنجہ آزمائی میں مصروف ہے بلکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان پوائنٹ اسکورنگ اور ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی جنگ بھی جاری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے تاحال سیلاب سے متاثرہ افراد کی کوئی مدد نہیں کی گئی، کئی دنوں سے ہزاروں افراد بے یار و مددگار بغیر چھت کے کھلے آسمان کے نیچے بیٹھے ہیں لیکن ظالم حکمرانوں اور انتظامیہ کی نااہلی کے باعث بارشیں رحمت کے بجائے زحمت بن جاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری بیانات میں کیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر متاثرین سیلاب کو ریلیف فراہم کی جائے۔