کراچی اور حیدرآباد والے فیصلہ کریں کہ وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں یا اگلے 4 سال مسائل کی شدت پر رونا چاہتے ہیں مصطفی کمال
August 17, 2022
*مورخہ: 17 اگست، 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد والے فیصلہ کریں کہ وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں یا اگلے 4 سال مسائل کی شدت پر رونا چاہتے ہیں؛ اگر تو کراچی اور حیدرآباد اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں تو انکے پاس پاک سرزمین پارٹی کے علاؤہ کوئی دوسرا آپشن نہیں، بصورت دیگر حالات بد سے بدتر ہونگے۔ کراچی اور حیدرآباد کو ہم ٹھیک کردیں گے کیونکہ ہمیں ہی ٹھیک کرنا آتا ہے۔ NA245 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف یا ایم کیو ایم کے نمائندے کو ووٹ دینے کا مطلب ووٹ ضائع کرنا ہے کیونکہ پی ٹی آئی نے تو پہلے ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ ضمنی انتخاب جیت کر اسمبلی سے استعفیٰ دیں گے جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی نے اپنا امیدوار ایم کیو ایم کے حق میں بٹھا کر ثابت کردیا کہ ایم کیو ایم انکو کس نوعیت کی خدمات دے رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA245 میں پارٹی امیدوار سید حفیظ الدین کے ہمراہ کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے عوام بلدیاتی انتخابات میں عوام ڈالفن پر نشان لگا کر کامیاب بنائیں تاکہ انہیں فوری طور پر اپنے مسائل حل ہوتے ہوئے بھی نظر آئیں۔ ہم نے ثابت کیا ہے کہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔