Categories
Home News PSP News

بلوچستان طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہوگیا لیکن موجودہ اور سابقہ بے حس، نااہل، کرپٹ اور متعصب حکمران حکومت گرانے اور بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ مصطفی کمال

بلوچستان طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہوگیا لیکن موجودہ اور سابقہ بے حس، نااہل، کرپٹ اور متعصب حکمران حکومت گرانے اور بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ مصطفی کمال

 

*مورخہ: 28 جولائی، 2022*

(پریس ریلیز)

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلوچستان طوفانی بارشوں اور سیلاب سے تباہ ہوگیا لیکن موجودہ اور سابقہ بے حس، نااہل، کرپٹ اور متعصب حکمران حکومت گرانے اور بنانے میں لگے ہوئے ہیں۔ بے حسی کی انتہا ہے کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے اور سہولیات کے حساب سے ملک کے پسماندہ ترین صوبے کی عوام سیلاب کی نظر ہوگئی لیکن حکومت بنانے والے جشن منا رہے ہیں۔ بلوچستان کی نااہل اور کرپٹ صوبائی حکومت سے کوئی کیا امید لگائے کہ وہ تو کہیں نظر ہی نہیں آتی۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستانی عوام جوڑ توڑ میں مصروف موجودہ اور سابقہ بے حس اور خود غرض حکمرانوں کا بائیکاٹ کریں، اتنے بڑے انسانی المیے کو موجودہ اور سابقہ حکمران جس طرح نظر انداز کررہے ہیں اس سے پہلے سے ناراض بلوچوں میں غصہ نفرت میں تبدیل ہو رہا ہے، اس جانب فوری توجہ دی جائے بصورت دیگر خدانخواستہ وہ صورتحال پیدا ہو سکتی ہے جسکا فائدہ صرف ملک دشمن طاقتیں اٹھائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس پی بلوچستان کے عہدے داران سے وڈیو لنک کے زریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ 200 سے زائد افراد ہلاک، ڈیڑھ سو سے زائد ہنوز لاپتہ ہیں جبکہ ایک کروڑ لوگ سیلابوں اور پہاڑوں سے گرنے والے تیز رفتار پانی کے ریلوں سے متاثر ہوئے ہیں 50 ہزار گھر یا تو بلکل بہہ گئے ہیں یا ناقابل رہائش ہوچکے ہیں، ندی نالوں پر بنے 12 بڑے چھوٹے پل اور 50 سے زائد بند بہہ گئے ہیں، متاثرین کو محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے کیونکہ ندی نالے بپھرے ہوئے ہیں۔ بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر امدادی اور فلاحی سرگرمیاں شروع کیے جائیں۔ بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن کی ضرورت ہے، پاک آرمی سمیت پاک فضائیہ کی مدد لی جائے۔ بلوچستان کا انفرااسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے۔ لوگ مایوسی کے عالم میں گھروں کی چھت پر امداد کے منتظر ہیں۔ رقت آمیز مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں جس سے انسانیت کا سر شرم سے جھک جائے۔ پوری پوری سڑکیں، ڈیم اور پل سیلاب میں بہہ گئے۔ زندگی معمول پر لانے کے لیے صرف ریسکیو آپریشن ناکافی ہے بلکہ ہنگامی بنیادوں پر بحالی کے اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔ سید مصطفی کمال نے پی ایس پی بلوچستان کے تمام کارکنان کو متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی سرگرمیوں کی ہدایات جاری کردیں۔