پی ایس پی حکومت کی جانب سے ریٹیلرز پر بجلی کے بلوں میں عائد جبری سیلز ٹیکس کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ مصطفی کمال
July 25, 2022
*مورخہ: 25 جولائی 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی حکومت کی جانب سے ریٹیلرز پر بجلی کے بلوں میں عائد جبری سیلز ٹیکس کو یکسر مسترد کرتی ہے۔ چھوٹے اور بڑے دکانداروں کے درمیان فرق کیے بغیر یکساں سیلز ٹیکس لگانا ناصرف ظلم ہے بلکہ پاکستان کے معاشی انجن کراچی میں تجارتی سرگرمیوں کو معدوم کرکہ ملک دشمنی ہے۔ حکومتی نااہلی کے باعث پہلے ہی پاکستانی روپیہ زمین بوس ہوچکا ہے اوپر سے پیٹرول بم گرا گرا کر معاشی پہیہ جام کر دیا ہے۔ نااہل حکومت نے اصلاحات کا راستہ چھوڑ کر غریب اور متوسط طبقے کو مٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بجلی سے ملک کی معیشت چلتی ہے جو دیگر ممالک کے مقابلے پہلے ہی انتہائی مہنگی ہو چکی ہے، اداروں میں جاری کرپشن کو کم کرنے کے بجائے نااہل حکمران غریب کی بوٹیاں نوچنے والے گدھ بن چکے ہیں جبکہ عدلیہ سمیت ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ملک میں حکمرانوں کے لیے کوئی قانون، آئین اور اخلاقی اقدار نہیں ہیں۔ اربابِ اختیار کے دعوؤں میں دس فیصد بھی سچائی ہوتی تو حالات اس نہج تک نہیں پہنچتے۔ ملک چلانے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔ پاک سرزمین پارٹی تاجر برادری کے ہمراہ ہر حد تک جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں بزنس فورم کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں مختلف تاجر تنظیموں سے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کیلئے رابطوں کے آغاز کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔