Categories
Home News PSP News

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لیے سندھ کے دوسرے شہروں سے پولیس منگوا لی ہے مصطفی کمال

پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لیے سندھ کے دوسرے شہروں سے پولیس منگوا لی ہے مصطفی کمال

 

*مورخہ 20 جولائی 2022*

(پریس ریلیز)

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کرنے کے لیے سندھ کے دوسرے شہروں سے پولیس منگوا لی ہے۔ یہ پولیس نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کے کارکنان ہیں۔ دنیا نے دیکھا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی پولیس اور ڈاکوؤں سے ٹھپے لگوا کر نشتیں جیتی ہے جبکہ صوبائی الیکشن کمیشن کی آنکھیں بند رہیں۔ ہم کراچی حیدرآباد میں ایسی زیادتی نہیں ہونے دینگے اور بھرپور مزاحمت کریں گے۔ ہماری آرمی چیف اور چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو اس ظلم سے روکا جائے اور یہ صوبہ پیپلزپارٹی کے حوالے نہ کیا جائے۔ پنجاب کے ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کی بڑی تعریف ہورہی ہے کہ بڑے شفاف انتخابات کرائے پھر یہ سندھ میں شفاف انتخابات کیوں نہیں کراتے ایک ہی ملک میں دو قانون کیوں ہیں، خدارا سندھ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کیا جائے۔ شادمان ٹاؤن میں خاتون اور معصوم بچہ حادثے میں شہید ہوئے مگر کسی کے کان پر جو نہ رینگی، یہ ماں اور بچہ تو جنت میں منتقل ہونگے لیکن ہم زندہ لوگ اس جہنم میں موجود ہیں۔ یہ شہر اب جہنم بن چکا ہے۔ شہر کراچی اور حیدرآباد کی بارشوں میں تباہی سب کے سامنے ہے مگر کسی کو فرق نہیں پڑتا اور مست ہوکر جھنڈے لگا رہے ہیں۔ 24 جولائی کو بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے اور اس سلسلے میں شہر میں ہر جگہ تمام جماعتوں کے بینرز اور جھنڈے نظر آئینگے مگر پی ایس پی کے جھنڈے نہیں نظر آئینگے کیونکہ ہمارے پاس پیسے نہیں، ہم نے حرام نہیں کمایا نہ ہم کو کسی کی حمایت کرنے کے عوض رقم ملی۔ 24 جولائی کو کراچی اور حیدرآباد والے گھروں سے نکلیں اور پی ایس پی کے انتخابی نشان ڈولفن کو ووٹ دیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سڑکیں، پانی، ہسپتال، اسکول چاہیے تو یہ کام صرف مصطفی کمال ہی کرنا اور کروانا جانتا ہے۔ کراچی اور حیدرآباد والے ہمارا ساتھ دیں، ہم ٹھیک کردیں گے۔ ہمارا ماضی واضح ہے ہم نے کراچی اور حیدرآباد میں پروجیکٹ مکمل کئیے کراچی کی حالت بدلی اور شہر کو ترقی دی، جس طرح پنجاب کے لوگوں نے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالا اسی طرح یہاں کی عوام باہر نکلے اور ہمیں ووٹ دے تاکہ یہ ظلم کے نظام کو ہم بدلیں۔ ہمارے منشور میں بلدیاتی اختیارات اور پی ایف سی ایوارڈ کی نچلی سطح پر منتقلی کا مطالبہ شامل ہے جو کسی جماعت کے پاس نہیں۔ مہاجروں کے نام نہاد سیاست دان آج اپنی سات سیٹوں پر سودا کرنے چھوڑ دیں اور شہباز شریف کی حکومت سے باہر آجائیں تو حکومت گر جائے گی۔ یہ سر کے بل آکر شہر کے لیے انکی بات ماننے گے لیکن ایم کیو ایم نے اپنی وزارتوں اور کرپشن کے لیے مہاجروں کے حقوق کا سودا کرلیا ہے۔ ملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں تاکہ اس زرداری ٹولے سے سندھ کو نجات ملے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے لسانی سیاست نہیں کی آج سندھی، پختون، بلوچ، پنجابی سب پی ایس پی میں شامل ہیں اور بڑی تعداد میں ہمارے کارکنان ہیں۔