ایک مذہبی جماعت کے کارکنان مسلسل ہمارے منہ پر لبیک یا رسول اللهﷺ کے نعرے ایسے نعرے لگا رہے ہیں جیسے انکے علاؤہ کوئی مسلمان نہیں, مصطفی کمال
June 15, 2022
*مورخہ: 15 جون 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ایک مذہبی جماعت کے کارکنان مسلسل ہمارے منہ پر لبیک یا رسول اللهﷺ کے نعرے ایسے نعرے لگا رہے ہیں جیسے انکے علاؤہ کوئی مسلمان نہیں۔ ہم کیا یہودی یا کافر ہیں، کیا ہم مسلمان نہیں؟ ہم سے بڑا عاشق رسول پھر کون ہے، ہم نے اپنی جان پر کھیل کر حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی امت کو جوڑا ہے۔ نبی کریم محمد ﷺ کے ماننے والے ایک دوسرے کا قتل عام کررہے تھے، تب کہاں دبک کر بیٹھے تھے یہ لوگ؟ الطاف حسین کے ہوتے ہوئے یہ گھروں سے نہیں نکل سکتے تھے۔ تب یہ نام نہاد عاشق رسول محمد ﷺ کہاں تھے جب کلمہ پڑھنے والوں کے ہاتھوں سے کلمہ پڑھنے والے مر رہے تھے۔ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کسی سیاسی جماعت کی جاگیر نہیں، رسول اللہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سب کے ہیں۔ نبی کریم کی حرمت کو سیاست میں استعمال کرنا بند کرو۔ ہماری ریلی کے دوران حقیقی والوں نے اپنا دفتر بند کیا تاکہ بد مزگی نہ ہو اس پر انکے شکر گزار ہیں۔ ہم نے بھی انکی ریلی کے دوران ایسا ہی کیا اور ہمارے لوگ دور رہے۔ سیاسی سرگرمیاں کرنا سب کا حق ہے رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کا نام استعمال کر کے دوسروں کو روکنا قابل قبول نہیں۔ اب اگر کوئی آیا تو کارکنان سے کہتا ہوں ہوں کہ انکے منہ پر جا کر اس سے زیادہ زور سے لبیک یارسول اللہ کا نعرہ لگائیں۔ایم کیو ایم نے ایک ایک کھمبے پر تین تین جھنڈے اس لیے لگائے کیونکہ کھمبے اور درخت سوال نہیں کرتے، ایم کیو ایم اپنے کارکنان پریزائڈنگ افسران تعینات کرا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے۔ تمام پریزائڈنگ افسران کو تنبیہ کررہا ہوں کہ انسان بن کر اپنی ڈیوٹی کریں، کوئی مہم جوئی کی کوشش بھی نا کرنا ورنہ عوامی غیظ و غضب کو برداشت نہیں کرسکیں گے اور ایم کیو ایم آپکو بچانے نہیں آئے گی۔ الیکشن کمیشن پریزائڈنگ افسران کو ہدایت جاری کرے کہ کوئی ایڈوینچر نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے NA-240 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مرکزی الیکشن آفس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارٹی صدر انیس قائم خانی، امیدوار برائے این اے 240 شبیر قائم خانی و دیگر رہنما بھی ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ایس پی نے این اے 240 میں ہر گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا جہاں انکی بھرپور تائید کی گئی۔ لانڈھی کورنگی کی عوام کے رویے پر انکے شکر گزار ہیں اور انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ لانڈھی کورنگی کی عوام کے مطابق آج بھی ایم کیو ایم کے ایم پی ایز ہیں، کچھ دن پہلے تک ایم این اے بھی تھا۔ لوگوں نے ہمیں دکھایا کہ وہ کام چھوڑ کر پانی آنے کے وقت گھر آتے ہیں ورنہ ایک ہفتہ پانی نہیں ہوتا، نہانے کے لئے رشتے داروں کے گھروں پر جانا پڑتا ہے۔ لوگوں کی تائید سے پاک سرزمین پارٹی کی فتح ہوگی اور علاقے کے حالات بدلیں گے۔