اگر پاکستان میں انتخابات جیتنے والی سیاسی جماعتوں کی بات 10 فیصد بھی سچ ہوتی تو ہمارے حالات ایسے نا ہوتے جیسے اب ہیں مصطفی کمال
May 12, 2022
*مورخہ: 12 مئی 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ اگر پاکستان میں انتخابات جیتنے والی سیاسی جماعتوں کی بات 10 فیصد بھی سچ ہوتی تو ہمارے حالات ایسے نا ہوتے جیسے اب ہیں۔ 70 سال سے سیاسی جماعتیں ووٹ لیکر انتخابات جیت رہی ہیں لیکن انکی نااہلی، کرپشن، تعصب اور اقربا پروری کے باعث پوری قوم ناکام ہورہی ہے، دنیا چاند پر پہنچ گئی اور ہم پینے کے صاف پانی کو رو رہے ہیں۔ عمران خان نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کے کسی بھی اہم اور حساس عہدے کے لیے مس فٹ ہیں۔ عمران خان احسان فراموش ہیں اور ان میں وفا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں ڈسٹرکٹ کورنگی میں جنرل ورکرز اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، وائس چیئرمین و امیدوار برائے ضمنی انتخاب NA-240 شبیر قائم خانی ،جوائنٹ سیکرٹری سید آفاق جمال، صدر ڈسٹرکٹ کورنگی نجم مرزا اور دیگر مرکزی رہنماء موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے چار سال میں صرف باتوں کا ٹورنامنٹ کھیلا ، کرپشن، ایک کروڑ نوکریوں، پچاس لاکھ گھر، سستا گھر اسکیم، بے روزگار اسکیم، دو سو ارب ڈالرز کی واپسی جیسے جھوٹے خواب عوام کو دکھائے، ان میں سے ایک بھی خواب پورا تو کیا ہوتا قوم سے باقی بچا کھچا بھی چھن گیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے کرپٹ ظالم اور متعصب حکمران اور انکی اولادیں آج قوم پر مسلط ہوگئے ہیں۔ عمران خان کو پاکستان کی فکر ہوتی تو اپنے دور حکومت میں کوئی قانون سازی کرتے تاکہ ان چاروں سے جان چھوٹتی۔ اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح تک منتقل کرتے تو ان سے جان چھوٹ سکتی تھی۔ لیکن کوئی ایک کام نہیں جو دنیا کے سامنے پیش کرسکتے، عمران خان چار سال بعد اپنی حکومتی نااہلی پر معزرت کے بجائے فرح گوگی کا دفاع کرہے ہیں۔ جس ادارے نے آپ کو وزیراعظم بنانے کے لیے ساری دنیا سے برائی لے لی آج یہ انکو میر جعفر میر صادق کا لقب دے رہے۔ ہم نے موت کو گلے لگایا اور وقت کے فرعون کے خلاف کھڑے ہوے اور اس شہر کو خون ریزی کی سیاست سے آزاد کرایا۔ اُنہوں نے کراچی کی ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں سے اپیل کی ہے وہ 15 مئی کو باغ جناح گراؤنڈ کراچی میں خواتین کے جلسے میں کثیر تعداد میں شرکت کرکہ بتا دیں کہ کراچی اب دھوکہ نہیں کھائے گا۔