پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی تمام تر توانائیاں ایک دوسرے کی تذلیل کرنے میں صرف کر رہے ہیں۔ مصطفی کمال
April 1, 2022
*مورخہ: یکم اپریل 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عالمی تناظر میں پاکستان میں موجودہ سیاسی عدم استحکام کے باعث معاشی بحران سنگین نوعیت اختیار کر رہا ہے جو براہِ راست عام آدمی کو شدید متاثر کررہا ہے۔ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی تمام تر توانائیاں ایک دوسرے کی تذلیل کرنے میں صرف کر رہے ہیں۔ عام آدمی کی کسی کو فکر نہیں۔ پاکستان کی دشمن طاقتوں کے ایجنٹس تاک لگا کر بیٹھے ہیں۔ پی ایس کے ہوتے ہوئے پاکستان کے دشمن کامیاب نہیں ہوسکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سینکڑوں نوجوانوں کی پی ایس پی میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ہر صورت ہماری ترجیح پاکستان ہونا چاہیے۔ حکومت اور اپوزیشن کو ترجیحات ٹھیک کرنی چاہیے، پاکستان عام ملک نہیں بلکہ واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے، جس سے نیٹو ممالک اپنی افغانستان میں شکست کا بدلہ لینا چاہیں گے۔ ایسے میں جو پاکستان کو بالائے طاق رکھ کر ذاتی مفادات کے حصول کے لیے عدم استحکام پیدا کرے گا وہ پاکستان اور آنے والی نسلوں سے دشمنی کرے گا۔ پاک سرزمین پارٹی ہی تمام مسائل کا واحد حل ہے، آئینی ترامیم کرا کے ہم سب ٹھیک کر دیں گے۔ عوام کو بھی اس وقت سب جماعتوں اور افراد کا کردار دیکھ کر یاد رکھنا چاہیے اور ووٹ کی طاقت کو باکردار اور باصلاحیت لوگوں کو ایوانوں میں پہنچانے کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔