عمران خان کی وفاقی حکومت رہے یا نا رہے، مصطفی کمال
March 23, 2022
*مورخہ 23 مارچ 2022*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ عمران خان کی وفاقی حکومت رہے یا نا رہے، ایم کیو ایم اقتدار کے بغیر ایک دن بھی زندہ نہیں رہ سکتی۔ عمران خان کے نفیس لوگ وفاقی وزراء ہوتے ہوئے پیپلزپارٹی کیساتھ مل کر وفاقی حکومت گرانے کی سازش کررہے ہیں۔ حکومت گرانے اور بچانے کے لیے اپوزیشن اور حکومت کی کرتب بازیوں سے بیزار قوم مہنگائی اور بےروزگاری میں پس رہی ہے لیکن ایوانوں میں براجمان سیاسی جماعتوں کے کان پہ جوں تک نہیں رینگ رہی کیونکہ مسئلہ اختیار کا نہیں بلکہ کردار کا ہے۔ چھ سال میں ہمارے رب نے ہماری کہی ایک ایک بات سچ ثابت کردی۔ پاکستان کے پاس اب پی ایس پی کے علاؤہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں مرکزی شعبہ جات و ڈسٹرکٹ اور ٹاؤنز کے زمہ داران سے یومِ پاکستان و یومِ تاسیس کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج سے چھ سال پہلے پاک سر زمین پارٹی کا نام بہت سوچ سمجھ کر رکھا گیا کیونکہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال رحمۃ اللّٰہ علیہ کے نظریات پر پاکستان کی ترقی کے لیے جدوجہد کرنا چاہتے ہیں۔ مصطفیٰ کمال نے کارکنان کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جیتی ہوئی سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر ہمارے نظریے کے ساتھ بہت تیزی سے جڑ رہے ہیں، آج کراچی سے کشمیر تک لوگ ہمارے ساتھ ہیں، دنیا بھر سے آج مبارکباد کے پیغامات میں پاک سرزمین پارٹی کے نظریے کی تائید کا سلسلہ جاری ہے۔ ہمارے عمل سے ثابت ہو چکا ہے کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے ہمارا ہی نظریہ درست ہے، عوام مینڈیٹ دیگی تو اسے وزارتوں کے عوض بیچنے کے بجائے اصلاحات کے لیے استعمال کریں گے۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، مرکزی نائب صدر صوفیہ سعید، جوائنٹ سیکرٹری بلقیس مختار، رکن سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی ڈاکٹر موہن منجیانی اور رکن نیشنل کونسل اور بزنس فورم کے صدر قمر اختر نقوی نے بھی خطاب کیا۔