Categories
Home News PSP News

ملک میں جاری جوڑ توڑ کے زریعے جہاں حکومت گرانے اور بنانے کا فارمولا طے کیا جارہا ہے وہیں اختیارات و وسائل کی عوام تک منتقلی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کا فارمولا بھی طے کیا جائے مصطفی کمال

ملک میں جاری جوڑ توڑ کے زریعے جہاں حکومت گرانے اور بنانے کا فارمولا طے کیا جارہا ہے وہیں اختیارات و وسائل کی عوام تک منتقلی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کا فارمولا بھی طے کیا جائے مصطفی کمال

Home

*مورخہ: 21 فروری 2022*

(پریس ریلیز)

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ ملک میں جاری جوڑ توڑ کے زریعے جہاں حکومت گرانے اور بنانے کا فارمولا طے کیا جارہا ہے وہیں اختیارات و وسائل کی عوام تک منتقلی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کا فارمولا بھی طے کیا جائے کیونکہ عوام میں اب ایک جھوٹ کے بعد دوسرے جھوٹ کو برداشت کرنے کی سکت نہیں رہی۔پاکستان تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کی نااہل وفاقی حکومت اور تعصب زدہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے پورے ملک کو معاشی اور معاشرتی دیوالیہ پن کی جانب دھکیل دیا ہے۔ ایوانوں میں موجود سیاسی جماعتوں کی ترجیحات ملک و قوم کے بجائے تجوریاں بھرنا اور اقتدار کا حصول ہے۔ جب تک اختیارات اور وسائل کو نچلی ترین سطح پر منتقل نہیں کیا جائے گا تب تک پاکستان ترقی ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاوس میں کارکنان کے اجلاس
سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی نے جہاں ایک جانب متوسط طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے وہیں غریب طبقے کو موت کی دہلیز تک پہنچا دیا ہے۔ بےحس، نااہل اور کرپٹ وفاقی وزراء انتہائی بے شرمی اور ڈھٹائی سے اپنی کارکردگی درست کرنے کے بجائے پہلے سے ایک وقت روٹی کھانے والی قوم کو مزید کم کھانے کی تاکید کررہے ہیں۔ ایک جانب تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کی وفاقی حکومت عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے تو دوسری جانب پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ صوبائی حکومت اس امر کو یقینی بنارہی ہے کہ سندھ میں چند خاندانوں کے علاؤہ کوئی زندہ نا بچے۔ نا پینے کا پانی میسر ہے، نا علاج معالجے کی سہولیات ہیں، نا کچرا اٹھ رہا ہے، نا نوکریاں دی جارہی ہیں، نا ٹرانسپورٹ ہے اور تعلیم کا تو کوئی سوچ ہی نہیں سکتا۔ موجودہ علاقائی تناظر میں اگر حالات ایسے ہی خراب رہے تو سول نافرمانی کا خطرہ بڑھ گیا ہے جسکا براہ راست فائدہ ملک دشمن طاقتیں اٹھا سکتی ہیں اور ان سب کے زمہ دار موجودہ وفاقی اور صوبائی حکمران ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بوسیدہ نظام کے تحت پاکستان مزید نہیں چل سکتا۔ بوسیدہ نظام کے تحت پاکستان کو مزید چلانے کی کوشش کی گئی تو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔ ہم کافی عرصے سے پاکستان میں گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کے زریعے تمام اداروں میں اصلاحات پر زور دے رہے ہیں۔ کارکنان کے اجلاس میں صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور نیشنل کونسل بھی شریک ہوئے۔