نااہل، کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث جاری قیامت خیز مہنگائی، ریکارڈ توڑ بےروزگاری اور متعصب پولیس کے نظام نے غریب اور خصوصاً سفید پوش متوسط طبقے کو موت کی دہلیز تک دھکیل دیا ہے ۔مصطفی کمال
February 20, 2022
*مؤرخہ: 20 فروری 2022*
( پریس ریلیز)
چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ نااہل، کرپٹ اور ظالم حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث جاری قیامت خیز مہنگائی، ریکارڈ توڑ بےروزگاری اور متعصب پولیس کے نظام نے غریب اور خصوصاً سفید پوش متوسط طبقے کو موت کی دہلیز تک دھکیل دیا ہے، تعلیم یافتہ نوجوان خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، بھوک اور افلاس نے اسٹریٹ کرائمز، ڈکیتیاں، خواتین اور بچوں کیساتھ زیادتیاں اور ٹارگٹ کلنگ اتنی عام کردی ہیں کہ نا گھروں میں عوام کی عزتیں محفوظ رہیں اور نا سڑکوں پر جان اور مال۔ نااہل اور بے حس حکمران روزانہ کی بنیاد پر بجلی، پیٹرول، گیس اور اشیاء ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کرکہ جہاں ایک جانب ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل رہے ہیں تو دوسری جانب ملک دشمن طاقتوں کو اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کھلا میدان دے رہے ہیں۔ پاکستان کے نااہل حکمران کل کے دہشتگرد آج بنا رہے ہیں۔ سب سے زیادہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ حکومت اور اپوزیشن اپنی تمام تر توانائیاں ایک دوسرے کو گرانے اور نمبر گیم میں خرچ کررہی ہیں، پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ ایوانوں میں موجود کسی سیاسی جماعت کو عام آدمی کی کوئی فکر نہیں۔ ناعاقبت اندیش حکمرانوں نے ملک کو شدید سیاسی اور معاشی عدم استحکام کا شکار کردیا ہے جو کسی بھی ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے زہر قاتل ہے۔ موجودہ مخدوش نظام کے تحت پاکستان نہیں چل رہا اور اس بوسیدہ نظام کے تحت ملک کو مزید چلانے کی ضد پاکستان کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاوس میں تاجروں کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک سر زمین پارٹی کے علاؤہ عوام کے پاس اب کوئی دوسرا آپشن نہیں، پاک سر زمین پارٹی کے بتائے گئے فارمولے کے علاؤہ پاکستان کو ٹھیک کرنے کا کوئی دوسرا طریقہ نہیں۔ عوام اور ادارے جتنی دیر سے ہماری بات مانیں گے اتنا ہی نقصان پاکستان اٹھائے گا۔ الحمد لله، ہمارے بتائی گئی تین آئینی ترامیم میں کراچی سے کشمیر تک کے عوام کا دائرہ ہے۔ وقت نے ثابت کردیا کہ ہم یوٹرن لینے والے لوگ نہیں۔