پاکستان کی معاشی شہ رگ کا گلا گھونٹنا چاہتی ہے۔ مصطفی کمال
October 28, 2021
*مورخہ: 28 اکتوبر 2021*
(پریس ریلیز)
سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی کرپٹ، نااہل، اقربا پرور اور تعصب زدہ سندھ حکومت اپنے غیر منتخب ایڈمنسٹریٹر کے زریعے بلدیہ کراچی کے اداروں کراچی کارڈیک ہسپتال اور کے ایم ڈی سی کو ذاتی جاگیر سمجھ کر ناصرف اس میں رشوت لیکر سیاسی بھرتیاں کرنا چاہتی ہے بلکہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کا گلا گھونٹنا چاہتی ہے۔ پیپلز پارٹی کی نااہل، کرپٹ اور تعصب زدہ حکومت کا طریقہ واردات یہی ہے کہ پہلے بلدیاتی اداروں کی فنڈنگ روک کر انہیں تباہ کیا جاتا ہے پھر ان اداروں پر قبضے کرکہ میرٹ پر بھرتی ملازمین کو فارغ کیا جاتا ہے اور آخر میں رشوت لیکر سیاسی بھرتیاں کی جاتیں ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی پیپلز پارٹی کے بلدیاتی اداروں اور پاکستان کی معاشی انجن کیخلاف متعصبانہ سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں میڈیکل ایڈ کمیٹی کے زمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مصطفیٰ کمال نے سوال کیا کہ این آئی سی وی ڈی کے ڈائریکٹر جو پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنما کے بھائی بھی ہیں، انہوں نے کس حیثیت میں آج کراچی کارڈیک ہسپتال میں میٹنگ بلوا کر اسکی سربراہی کی؟ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 13 سالوں میں وفاق سے صرف صحت کے شعبے کے لیے ہزاروں ارب روپے وصول کرنے کے باوجود سندھ میں بچے کتے کے کاٹنے سے مر رہے ہیں کیونکہ سرکاری ہسپتالوں میں کتے کا کاٹنے کی ویکسین موجود نہیں۔ سندھ حکومت نے این آئی سی وی ڈی کا بدترین حشر کردیا ہے جو وہ کراچی کارڈیک ہسپتال اور کے ایم ڈی سی کا کریں گے۔ دریں اثنا پاک سر زمین پارٹی کی مرکزی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے وفد نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کراچی انسٹیٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز رفعت سلطانہ سے ملاقات کی اور پی ایس پی کی جانب سے مکمل حمایت کی یقین دھانی کروائی، پی ایس پی کے وفد کی قیادت مرکزی نیشنل کونسل کے رکن ڈاکٹر سراج الحق نے کی جبکہ دیگر اراکین میں صدر میڈیکل ایڈ کمیٹی ڈاکٹر نعیم، نائب صدر ڈاکٹر صفوان، رکن میڈیکل ایڈ کمیٹی ڈاکٹر زبیر سمیت دیگر عہد ے داران نے شرکت کی۔