Categories
KARACHI NEWS

ملک آٹو پر چل رہا ہے۔ حکومت اگر صحیح فیصلے لیتی تو آج قوم تکلیف میں نہیں آتی۔ مصطفی کمال

ملک آٹو پر چل رہا ہے۔ حکومت اگر صحیح فیصلے لیتی تو آج قوم تکلیف میں نہیں آتی۔ مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 23 اکتوبر 2021*

(پریس ریلیز)

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے پاس پلاننگ اور دور اندیشی نام کی کوئی چیز نہیں، کورونا وبا کے وقت جب پیٹرول مفت مل رہا تھا، صرف آمد و رفت کا خرچہ تھا تب کوئی عالمی معاہدہ نہیں کیا گیا بلکہ خریداری روک دی گئی۔ حکومتوں کا کام اگلے دس سال کی پلاننگ کرنا ہوتا ہے لیکن موجودہ ناکارہ حکومت ڈھٹائی کے ساتھ صرف پوائنٹ اسکورنگ، اپوزیشن کی تذلیل اور نوٹیفکیشن میں پھنسی ہوئی ہے۔ جو کرنے کے کام ہیں ان پر بالکل توجہ نہیں۔ ملک آٹو پر چل رہا ہے۔ حکومت اگر صحیح فیصلے لیتی تو آج قوم تکلیف میں نہیں آتی۔ آج عوام مہنگائی کی وجہ بے حال ہوچکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹاؤن میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کا کام صرف سوشل میڈیا ٹیموں کے زریعے مخالفین کو گالیاں دینا ہے۔ عوام کو موجودہ حکومت سے کوئی امید باقی نہیں۔ پاکستان کے مسائل کا واحد حل اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرنا ہے، نچلی ترین سطح پر اختیارات منتقل کر کے جمہوریت کو مضبوط بنانا ہوگا۔ افغانستان کی بدلتی صورتحال میں پاکستان کو دفاعی محاذ پر چیلنجز کا سامنا ہے۔ پاکستان دشمن عناصر نے پاکستان کے خلاف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کر دیئے ہیں، گزشتہ دو ماہ کے بلوچستان اور شمالی وزیرستان کے واقعات میں افواج پاکستان اور دیگر شہیدوں کی تعداد سن کر رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ ایسے میں حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ لوگوں کی حمایت حاصل کرے تاکہ لوگ حکومت اور ریاست کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اس کے برعکس نا اہل حکومت لوگوں کو ریاست سے بدظن کر رہی ہے۔ پاکستان موجودہ حکومت اور اس کے اتحادیوں کی وجہ سے اپنی پستی کی طرف جارہا ہے اور پاکستانیوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔