ہمارے حکمران اپنے سیاسی مفادات کی خاطر این ایف سی ایوارڈ کے بعد پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء نہیں کرتے۔ مصطفی کمال
September 13, 2021
مورخہ،13 ستمبر 2021
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے ہمارے حکمران اپنے سیاسی مفادات کی خاطر این ایف سی ایوارڈ کے بعد پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء نہیں کرتے۔ پی ایس پی کے پیش کردہ 6 نکات میں پاکستان کے 95 فیصد مسائل کا حل ہے، اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو ملنے والے اختیارات سے وزیراعلی خود مختار ہوگئے لیکن شہر، ڈسٹرکٹ، ٹاؤن اور یوسی کی سطح پر عوام اختیارات اور وسائل سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک سرزمین پارٹی نارتھ امریکہ چیپٹر کے زیر اہتمام ہیوسٹن میں دعوت حلیم کے موقع پر ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نارتھ امریکہ اور کینیڈا کے چیف آرگنائزر طاہر وفاقانی بھی موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ آج انسان پریشان ہے، ملک میں لوگ بھوک سے بلک رہے ہیں کیونکہ مہنگا آٹا غریب کی پہنچ سے باہر کردیا گیا ہے، کتے کے کاٹنے سے بچے مررہے ہیں، اسپتالوں میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین موجود نہیں، ہر محکمے میں کرپشن اور زیادہ ہورہی ہے، 70 فیصد بیماریاں گندہ پانی پینے کی وجہ سے ہے۔ یہ سب امریکہ کا صدر ٹھیک نہیں کرئے گا، یہیں کا وزیر اعظم اور وزراء اعلی ٹھیک کریں گے۔ پاکستان میں جہاں جہاں انسان پریشان ہوگا وہاں وہاں پی ایس پی ہوگی کیونکہ پی ایس پی پاکستان میں بسنے والے ہر مظلوم کی آواز اور آخری امید ہے۔ ایسا نظام لائیں گے کہ عزت، انصاف اور اختیار نچلی ترین سطح پر ملنا شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی کے پرچم تلے آج تمام قومیتوں کے لوگ شامل ہے کیونکہ ہم نے امن، محبت کا پرچار کیا اور آج دنیا بھر میں ہمارے کارکنان موجود ہیں۔