پی ایس پی کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی مصطفی کمال
September 4, 2021
*مورخہ 04 ستمبر 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔ ملک میں انتخابی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے لیکن حکومت اصلاحات کو یک طرفہ طور پر لانے کی کوشش نا کرئے، انتخابی اصلاحات کے لیے ملک بھر کی تمام سیاسی جماعتوں کو سننا ہوگا اور تجاویز لینی ہونگی ورنہ اصلاحات کا عمل انتخابات کی طرح متنازع رہے گا۔ جب تک تمام فریقین مطمئن نہ ہوں اصلاحات کا کوئی مطلب نہیں اور پورے انتخابی عمل میں سب بڑی فریق عوام ہے۔ ملک بھر بالخصوص کراچی کے شہریوں کا انتخابی عمل سے بھروسہ اٹھ گیا ہے۔ اکثریت ووٹ ڈالنے کے عمل کو وقت کا ضیاع تصور کرتی ہے۔ اصلاحات کے ذریعے ووٹرز کا اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر حکومت کی مجوزہ انتخابی الیکٹرانک مشینیں محض ووٹوں کی گنتی کے سوا کچھ نہیں، بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر الیکٹرانک مشینیں دھاندلی کا ایک اور راستہ کھولنے کے مترادف ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی بائیو میٹرک تصدیق کے بغیر الیکٹرانک مشینیوں کے تحت طریقہ انتخاب کو مسترد کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلستان جوہر میں مختلف وارڈز کے دورے میں عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وارڈز کے نامزد امیدوار بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ انتخابی اصلاحات اہم ترین قومی معاملہ ہے، قوم 70 سالوں سے آزاد اور شفاف انتخابات کی منتظر ہے، ستر سال میں ملنے والے اس سنہرے موقعے کو اگر سیاست کی بھینٹ چڑھا کر ضائع کردیا گیا تو اس کا خمیازہ تا قیامت ہماری نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔