اگر 29 اگست کو پی ڈی ایم کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، مریم نواز نے کراچی کی زمین پر کراچی کے مسائل، پیپلز پارٹی کی بدترین کارکردگی اور متعصبانہ رویے کیخلاف آواز بلند نہیں کی تو اہلیان کراچی انہیں جواب دیں گے مصطفی کمال
August 25, 2021
*مورخہ 25 اگست 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ اگر 29 اگست کو پی ڈی ایم کے جلسے میں مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف، مریم نواز نے کراچی کی زمین پر کراچی کے مسائل، پیپلز پارٹی کی بدترین کارکردگی اور متعصبانہ رویے کیخلاف آواز بلند نہیں کی تو اہلیان کراچی انہیں جواب دیں گے۔ پیپلز پارٹی کی ظالم اور تعصب زدہ حکومت سندھ کے عوام کی نسل کشی کر رہی ہے جبکہ حکومت، اسکے اتحادی اور دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے مفادات کی خاطر سندھ کے عوام پر کیئے جانے والے مظالم پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جس سے تاثر ملتا ہے کہ ترجیح عوام نہیں بلکہ اقتدار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے دفتر میں زمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انیس قائم خانی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی تعصب زدہ حکومت نے سندھ کے وسائل کو آصف زرداری کی جاگیر سمجھ کر بری طرح سے لوٹ رہی ہے جسکی مثال ملنا مشکل ہے۔ پیپلزپارٹی ہماری آنے والی نسلوں کے مستقبل کو تاریکیوں میں ڈبونے کی سازش کررہی ہے۔ پی ایس پی بھرپور عوامی حمایت کے ساتھ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے اپنی جیبیں گرم کرنے والوں کو عوام کے سامنے جوابدہ بنائے گی۔ ظلم کی انتہا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کو بھی کرپشن کی نظر کر دیا گیا ہے۔ صوبے میں نہ علاج کی سہولیات ہیں، نہ تعلیم، نہ صفائی کا موثر نظام اور نہ کاروبار کیلئے مناسب انفرااسٹرکچر موجود ہے۔ تاجر، طالب علم، نوکری پیشہ غرض ہر شخص پیپلز پارٹی کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہے۔ عوام کے پاس پی ایس پی کے علاؤہ کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔ پاک سرزمین پارٹی ان تمام مسائل کو حل کر کے سندھ کی عوام کو ایک بہترین مستقبل کی جانب گامزن کرے گی۔