Categories
KARACHI NEWS

سندھ حکومت 20 لاکھ ماہی گیر خاندانوں کی مشکلات میں کمی کی خاطر میری ٹائم سیکیورٹی کو تفویض کردہ اختیارات واپس لے مصطفی کمال

سندھ حکومت 20 لاکھ ماہی گیر خاندانوں کی مشکلات میں کمی کی خاطر میری ٹائم سیکیورٹی کو تفویض کردہ اختیارات واپس لے مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 8 جولائی 2021*

(پریس ریلیز)

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 20 لاکھ ماہی گیر خاندانوں کی مشکلات میں کمی کی خاطر میری ٹائم سیکیورٹی کو تفویض کردہ اختیارات واپس لے۔ سندھ حکومت نے فشنگ پرمٹ، جالوں اور لائف جیکٹس وغیرہ کی جانچ پڑتال سمیت ماہی گیروں کی شناخت کا عمل میری ٹائم سیکیورٹی کے سپرد کرکہ جہاں ایک جانب میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کی ساکھ کو متاثر کررہی ہے تو دوسری جانب غربت کی چکی میں پسے لاکھوں ماہی گیر خاندانوں کو میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے خلاف کردیا ہے، کروڑوں ڈالر زر مبادلہ کمانے والی ماہی گیری کی صنعت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جون جولائی کے مہینوں میں ماہی گیری پر پابندی عائد ہونے کے باوجود سندھ کے با اثر افراد کے ٹرالرز سمندر میں بڑے پیمانے پر ماہی گیری کرتے ہیں جبکہ 20 لاکھ غریب ماہی گیروں کی کشتیاں اور جال تک قبضے میں لے لیے جاتے ہیں۔ سندھ حکومت کی جانب سے بغیر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کیئے اور کوئی لائحہ عمل تیار کیئے بغیر لاکھوں ماہی گیروں اور قانون کے نفاذ کے لئے موجود میری ٹائم سیکیورٹی کے درمیان ایک چپقلش کی کیفیت پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ ایک متفقہ لائحہ عمل طے کرنا چاہیے جس پر تمام اسٹیک ہولڈرز راضی ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابقہ وائس چیئرمین فشرمین کارپوریٹیو سوسائٹی حاجی علی کچھی کی قیادت میں بابا بھٹ آئی لینڈ، صالحہ باد، منوڑا سے تعلق رکھنے والے مختلف ماہی گیروں کے نمائندہ وفود سے پاکستان ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک سر زمین پارٹی لاکھوں ماہی گیر خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر فورم پر مظلوم ماہی گیروں کی آواز بنے گی۔ ماہی گیروں کا مسئلہ صرف لاکھوں لوگوں کے روزگار اور معیشت کا ہی نہیں بلکہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے جسے ماہی گیروں کے تمام جائز مطالبات تسلیم کر کے ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جانا چاہیے۔ جون جولائی میں ماہی گیری بند کیے جانے کے حکومتی فیصلے کے باعث حکومت سندھ ماہی گیروں کے لیے دو ماہ کا اعزازیہ مقرر کرے تاکہ بھوک اور افلاس کے مارے لاکھوں خاندانوں کو موت کے منہ سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پر مرکزی وائس چئیرمین حفیظ الدین، رکن نیشنل کونسل و صدر ڈسٹرک کیماڑی عثمان ہمایوں راجپوت بھی موجود تھے۔