ادارے اور ملکی وسائل کرپشن، اقربا پروری اور بدانتظامی کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔ مصطفی کمال
June 20, 2021
*مورخہ 20 جون 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ جب تک عوام میں یہ شعور بیدار نہیں ہوتا کہ انکے مسائل حل کرنے کے لیے حکمرانوں کا باکردار، قابل، محنتی اور تعصب سے پاک ہونا لازم ہے تب تک بدکردار، نااہل اور تعصب زدہ حکمران عوام پر ظلم کرتے رہیں گے۔ ادارے اور ملکی وسائل کرپشن، اقربا پروری اور بدانتظامی کی بھینٹ چڑھتے رہیں گے۔ موجودہ بوسیدہ اور تعفن زدہ نظام کی پیداوار حکمرانوں نے قوم کو ناامید کردیا ہے۔ گھمبیر مسائل کے حل کے لیے پاکستان کو گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ اور اختیارات و وسائل کو نچلی ترین سطح تک منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام کی حکمرانی کے بغیر پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل نہیں ہو سکتا۔ قوم کو زبان، نسل اور برادریوں کے تعصب سے باہر نکل کر باکردار، قابل اور تعصب سے پاک قیادت کو منتخب کرنا ہوگا تاکہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہوسکے۔ پاک سرزمین پارٹی صرف عوامی مسائل اجاگر نہیں کر رہی بلکہ ہر مسئلے کا آئینی و قانونی حل پیش کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل، فیڈرل بی ایریا، یوسی 26، میں عوامی رابطہ مہم کے تحت مختلف برادریوں، عمارتوں کی رہائشیوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے صدر عبداللہ شیخ اور اراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ اگر صرف کرپشن ختم ہوجائے تو دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے بھی شہر کو سنوارا جا سکتا ہے اور شہر کے انفرااسٹرکچر کو بحال کیا جا سکتا ہے۔