پاک سرزمین پارٹی کا گراف 2018 کے مقابلے بہت بڑھا ہے، مصطفی کمال
May 3, 2021
*مورخہ 3 مئی 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے این اے 249 کو اپنا مستقل حلقہ انتخاب بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی ہم نے این اے 249 میں انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا تمام حکومتی جماعتیں اپنی جیت کو چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی کو ہرانے کے ایجنڈے پر اس لیے متفق ہوگئیں کیونکہ پی ایس پی نے آتے ہی ہائیڈرنٹس مافیا پر ہاتھ ڈالنا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف نے پورے حلقے میں بینرز لگا دیئے، تحریک انصاف کو بلدیہ فیکٹری کا جواب ایم کیو ایم کے نفیس وزراء سے لینا چاہیے جو وہ لے نہیں سکتے کیونکہ حکومت گرجائے گی۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم اگر کراچی کے لیے کچھ بھی نا کرتیں تو بھی بہتر ہوتا لیکن ان دونوں نے مل کر متنازع مردم شُماری کو منظور کروا کر کراچی کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کراچی کی نسل کشی میں ملوث ہیں کیونکہ اب جب بھی نئی مردم شماری کروائی جائے گی تو وہ اس متنازع مردم شماری کی بنیاد پر ہوگی۔ بڑی سیاسی جماعتیں بالخصوص پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاک سرزمین پارٹی کے بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے خائف ہیں۔ بلدیہ ٹاؤن کا حلقہ اب سے میرا مستقل انتخابی حلقہ ہوگا۔ یہاں ملی محبت کی وجہ سے لوگوں کو مایوس کر کے نہیں جاؤں گا۔ پاک سرزمین پارٹی کا گراف 2018 کے مقابلے بہت بڑھا ہے، لوگ ہمارا پیغام سن کر ہمارے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل ہمارے پاس موجود ہے۔ عوام نے موقع دیا تو باتیں نہیں کام کر کے دکھائیں گے جو عوام خود دیکھے گی۔