حکومتی ایوانوں میں کراچی سے منتخب نمائندے کراچی دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، مصطفی کمال
March 6, 2021
*مورخہ 6 مارچ 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ موجودہ سیاسی کشمکش میں کراچی کے نام نہاد “اپنے” نمائندے عہدے، مراعات اور پارٹی دفاتر کھلوانے کے مطالبات منظور کروانے کے بجائے کراچی کی متنازعہ مردم شُماری کو تسلیم کرنے کے حکومتی فیصلے کو کالعدم قرار دلوا کر کراچی کی درست مردم شماری کا مطالبہ منظور کرواتے تو اہلیانِ کراچی شکر گزار ہوتے لیکن کراچی کا المیہ یہ ہے کہ حکومتی ایوانوں میں کراچی سے منتخب نمائندے کراچی دشمنی پر اترے ہوئے ہیں، کراچی کو چوروں نے نہیں بلکہ چوکیداروں نے لوٹا ہے۔ جسکی وجہ سے عوام کا اعتماد اور امید شدید مجروح ہوئی ہے۔ چند عہدوں سے ذاتی مفادات کا حصول تو ممکن ہے عوامی مفاد کا نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایم کیو ایم عوام کے ساتھ مخلص ہوتی تو اس وقت متنازع مردم شُماری کو ٹھیک کرانے اور 5 فیصد آڈٹ کا مطالبہ کرتی۔ اب عوام کو دیکھنا چاہئیے کون انکے ووٹ کا استعمال کس طرح کر رہا ہے۔ عوام کو وفاقی اور صوبائی حکومتوں سمیت اپنے تمام منتخب نمائندوں کا احتساب کرنا ہوگا۔ پاک سرزمین پارٹی کے پاس تمام مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی موجود ہے۔ اختیارات اور وسائل نچلی سطح پر منتقل کر کے اور اداروں کو مضبوط بنانے سے ہی ملک میں حقیقی جمہوریت آئے گی اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا۔