پاک سر زمین پارٹی نے ملک کے معاشی حب میں کلاشنکوف اٹھائے بغیر کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ کردیا مصطفی کمال
March 1, 2021
مورخہ،یکم مارچ 2021
(پریس ریلیز)
پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی نے ملک کے معاشی حب میں کلاشنکوف اٹھائے بغیر کلاشنکوف کلچر کا خاتمہ کردیا ہے۔ ہم نے لسانیت کی بنیاد پر نفرتوں کو دفن کرکہ دنیا کو پیغام دیا ہے کہ صرف آپریشن کوئی حل نہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ملک کے وسیع ترین مفاد میں ریاست اور ناراض بیٹوں کے درمیان گرینڈ نیشنل میثاق ہو تاکہ پاکستان دشمنوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جاسکے۔ 28 فروری کا پختون جلسہ پاکستان کے لیے مبارک ترین ثابت ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سہراب گوٹھ پر کامیاب جلسے کے بعد مبارکباد دینے والے پختونوں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے الآصف اسکوائر سے متصل گراؤنڈ میں پختون برادری کے عظیم الشان جلسے کی کامیابی پر پختون برداری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ جلسہ کوئی سیاسی جلسہ نہیں تھا بلکہ بھائی کو بھائی سے ملانے والہ جلسہ تھا۔ پاک سر زمین پارٹی ہر مظلوم کی آواز اور ظالم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ میری آواز پر لبیک کہہ کر ہزاروں کی تعداد میں پختونوں نے پی ایس پی کے جلسے میں شرکت کر کے بتا دیا کہ ملک دشمن عناصر نے لسانیت کی فالٹ لائن پر جو سرمایہ کاری کی تھی وہ ڈوب گئی۔ بھائی بھائی کے گلے لگ گیا، اب کراچی میں کوئی بھی علاقہ کسی بھی قوم کے لیے نوگوایریا نہیں ہے۔