آج کے عظیم الشان پختون جلسے نے نئی دہلی اور لندن تک صف ماتم بچھا دیا ہے مصطفی کمال
February 28, 2021
*مورخہ: 28 فروری 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کے عظیم الشان پختون جلسے نے نئی دہلی اور لندن تک صف ماتم بچھا دیا ہے، آج کراچی میں بھارتی سرمایہ کاری تہ تیغ ہونے سے نئی دہلی سے لندن تک آگ لگ گئی ہے، ملک دشمنوں کے سارے عزائم خاک میں مل گئے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ریاست اور ناراض بھائیوں کے درمیان بھی گرینڈ نیشنل میثاق ہو۔ بندوق، گولی اور آپریشن حل نہیں ہے۔ ثابت ہوگیا کہ کوئی سچ بولنے اور دلوں کو جوڑنے والا ہو تو لوگ چالیس سال کی دشمنیوں کو بھول کر یکجا ہوجاتے ہیں۔ ماؤں کے بچے حکمرانوں کی سیاست کی وجہ سے مرتے رہے اور حکمران ایک دوسرے کو وزارتوں کی خاطر قوم کے بچوں کو مروا کر خود ایک دوسرے سے گلے ملتے رہے۔ حکمرانوں نے بھائی کو بھائی سے لڑوا کر شہدا قبرستان آباد کیا۔ آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا، مصطفی کمال مظلوموں کی آواز اور ظالم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ ہم کراچی سے خیبر تک ظلم کا نظام ختم کردیں گے، ہم نے بندوق اور گولی کی سیاست کو پھولوں سے ختم کردیا ہے، یہ حالیہ انسانی تاریخ کا معجزہ ہے۔جب اکیلا تھا تب اس دنیا سے نہیں ڈرا تو اب تو کروڑوں پاکستانیوں کے ہمراہ ہوں، کسی بھی فرعون کے آگے نا جھک سکتا ہوں اور نا کبھی جھکوں گا۔ میری آواز پر لبیک کہہ کر ہزاروں کی تعداد میں پختونوں نے پی ایس پی کے جلسے میں شرکت کر کے بتا دیا کہ ملک دشمن عناصر نے لسانیت کی فالٹ لائن پر جو سرمایہ کاری کی تھی وہ ڈوب گئی۔ بھائی بھائی کے گلے لگ گیا، اب کراچی میں کوئی بھی علاقہ کسی بھی قوم کے لیے نوگوایریا نہیں ہے، پی ایس پی نے کلاشنکوف اٹھائے بغیر کلاشنکوف کلچر ختم کردیا۔ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں امن کے لیے ہماری کوششیں دنیا کے لیے کیس اسٹیڈی ہیں۔ آپریشن کے بعد امن ہونا کوئی مثبت خبر نہیں ہے بلکہ محب وطن پاکستانیوں کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الآصف اسکوائر سے متصل گراؤنڈ میں پختون برادری کے عظیم الشان جلسے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔
سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ظلم کی سیاہ رات کٹ گئی، مظلوموں کا دور آنے والا ہے۔ اب مظلوموں سے ان کی ذات اور مسلک کا نہیں پوچھا جائے گا اور ظالم بلاتفریق کسی بھی زبان کا بولنے والا ہو عوام اس کا گریبان پکڑے گی۔ ہم نے پچھلے چالیس سال کی تمام نفرتوں کو دفنا دیا ہے۔
ہم نے دنیا کی نہیں صرف آخرت کی پرواہ کی ہے۔ سیٹیں چھوڑ کر ظالموں کے آگے کھڑے ہوئے۔ قوم کو رک کر سوچنا ہوگا کہ انہوں نے سب کر لیا لیکن تبدیلی کیوں نہیں آ رہی، ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ وہ بھی ہے جوظلم برداشت کر رہا۔ جو نظام پی ایس پی نے پیش کیا ہے وہی تمام مسائل کا حل ہے، ایم این اے اور ایم پی اے کا کام قانون سازی کرنا ہے سڑکیں بنانا نہیں، اختیارات اور وسائل وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ ہاؤس سے نکال کر گلی، محلوں میں نچلی سطح تک لائیں گے۔ سہراب گوٹھ کا نوجوان سہراب گوٹھ کے مسئلے حل کرئے گا۔