کراچی میں لسانی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں۔ مصطفی کمال
February 24, 2021
*مورخہ 24 فروری 2021*
(پریس ریلیز)
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 28 فروری بروز اتوار پی ایس پی کے تحت صرف پختونوں کا جلسہ ناصرف اس بات ثبوت ہوگا کہ پاک سر زمین پارٹی نے کراچی سے لسانی سیاست کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے بلکہ قوم کو نوید دے گا کہ کراچی میں لسانی سیاست کی اب کوئی گنجائش نہیں۔ حکمرانوں اور اپوزیشن سے ناامید ہر زبان، مزہب، نسل اور فرقے سے تعلق رکھنے والے اپنے حقوق کی جدوجہد میں پاک سر زمین پارٹی کے پرچم تلے متحد ہوگئے ہیں۔ سینٹ انتخابات کی جوڑ توڑ میں غرق حکمران اور اپوزیشن کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑ رہا کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، عام آدمی کے لیے دو وقت روٹی کا حصول مشکل ہو گیا ہے۔ لوگوں کو اپنی سیاست کے لیے لسانیت، فرقہ واریت اور زبان کی بنیاد پر تعصب کی آگ میں جھونک کر کچھ خاندان امیر ترین ہو گئے جبکہ عوام بدحال ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اراکینِ نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ 28 فروری کے جلسے کے بعد سے کراچی سمیت پاکستان بھر کی سیاست کا رخ تبدیل ہوجائے گا۔ ہم نے خدمتِ کے جذبے کے ساتھ انسانیت کی بنیاد پر بلا تفریق عوامی مسائل حل کرنے کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ پاک سرزمین پارٹی کراچی سے کشمیر اور گلگت بلتستان تک ہر پاکستانی کی نمائندگی کر رہی ہے۔