Categories
KARACHI NEWS

کراچی کا حق لینے کے لیے پاک سر زمین پارٹی کسی بھی حد تک جانے کو تیار، مصطفی کمال

کراچی کا حق لینے کے لیے پاک سر زمین پارٹی کسی بھی حد تک جانے کو تیار، مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 21 فروری 2021*

( پریس ریلیز)

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی کا حق لینے کے لیے پاک سر زمین پارٹی کسی بھی حد تک جانے کو تیار۔ اگر اس مردم شُماری کے نتائج تسلیم کرلیا گیا تو آئندہ حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ کراچی کی مردم شُماری ٹھیک ہونے سے نہ صرف سندھ بھر کی عوام کی جان جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھوٹ جائے گی بلکہ ایک معاشی انقلاب بھی آئے گا جس کے ثمرات ملک بھر میں واضح طور پر نظر آئیں گے۔ صوبائی حکومت اس لیے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کہ کراچی کی نشستیں بڑھنے سے انہیں سیاسی طور پر نقصان ہے۔ پیپلزپارٹی بخوبی واقف ہے کہ اگر مردم شُماری صحیح ہو گئی تو سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکمرانی کا خاتمہ ہوجائے گا۔ درست مردم شُماری کے بعد جو کراچی میں جیتے گا وہی سندھ میں حکومت بنائے گا۔ کراچی کی 14 ایم این اے اور 25 ایم پی اے کی نشستیں پی ٹی آئی کے پاس ہیں لیکن وزیراعظم نے متنازع مردم شُماری کو کابینہ سے منظور کروا کہ کراچی پر شب خون مارا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل اور کراچی ڈسٹرکٹ کے عہدے داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلط مردم شُماری کا فائدہ صرف اور صرف ملک دشمن عناصر کو ہوگا اور اس کا خمیازہ تمام محب وطن پاکستانی بھگتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کا انبار ہے اور آج بھی ہم نے صحیح سمت کا تعین نہیں کیا تو ترقی جانب گامزن نہیں ہونگے اور صحیح سمت میں جانے کیلئے حقائق کا علم ضروری ہے جنہیں قومی مفادات و سلامتی کے برخلاف ذاتی مفادات کے لیے نظرانداز کیا جارہا ہے۔