Categories
KARACHI NEWS

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے، مصطفیٰ کمال

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے، مصطفیٰ کمال

Homepage

*مورخہ 12 فروری 2021*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کی کرپٹ اور متعصب حکومت متنازعہ مردم شماری کی آڑ میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کروانا ہی نہیں چاہتی۔ جمہوریت کے نام نہاد ٹھیکیدار عوامی اختیارات اور وسائل پر قابض رہنے کے لیے ناصرف بلدیاتی انتخابات سے نگاہ چرا رہے ہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن سندھ حکومت کی بہانہ بازی کو مسترد کرتے ہوئے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کرئے۔ گزشتہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات بھی سابقہ مردم شُماری پر کرائے جائیں تاکہ عوام کے بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔ پیپلز پارٹی کے رویے کی وجہ سے سندھ کی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اگر مہنگائی کی چکی میں پسی عوام اپنے حقوق لینے سڑکوں پر نکلی تو امن و امان کی بگڑی صورتحال کے زمہ دار صرف حکمران ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الآصف اسکوائر سہراب گوٹھ میں پی ایس پی کی جانب سے پشتون جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے پشتون نوجوانوں کی بڑی تعداد سے بات کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے اقتدار کو طول دینے اور سندھ پر اپنا قبضہ برقرار رکھنے کے لیے شہری سندھ کی عوام کو کم ہی دکھانا چاہتی ہے۔ اگر پی ٹی آئی نے اسے منظور کر لیا تو کراچی سمیت شہری سندھ کی عوام کو ناصرف دھوکا دے گی بلکہ نسل در نسل غلامی کی طرف دھکیل دے گی۔ مردم شُماری ہماری نسلوں کی بقاء کا مسئلہ ہے۔ پاک سر زمین پارٹی مردم شماری کے معاملے پر عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر حد سے گزر جانے کے لیے تیار ہیں، پاکستان کی عوام جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں کی غلامی کی زنجیریں توڑ کر حقیقی معنی میں آزادی چاہتی ہے۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، فائنانس سیکرٹری سید شاکر علی، نائب صدر نیک محمد، جوائنٹ سیکریٹری آفاق جمال، اراکین نیشنل کونسل عبداللہ شیخ سمیت عہدے داران اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔