انیس قائم خانی کا پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں لگاتار اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت
February 1, 2021
مورخہ: یکم فروری 2021
(پریس ریلیز،)
صدر پاک سرزمین پارٹی انیس قائم خانی نے پیٹرولیم مصنوعات قیمتوں میں لگاتار اضافے کی شدید الفاظ میں مذمت اور مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان انتخابات سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو حکومت کے کرپٹ اور چور ہونے کی دلیل کے طور پر پیش کرتے تھے لیکن اب جبکہ انکی اپنی نااہل حکومت نے ڈیڑھ ماہ کی مختصر مدت میں 11 روپے سے زائد پٹرول کی قیمتیں بڑھا کر نئے پاکستان میں عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے تب انکو نا تو غریب یاد آرہا ہے اور نا اپنے پچھلے بیانات پر کوئی شرمندگی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت ہاتھی کے دانت جیسی ثابت ہورہی ہے جو دکھانے کے اور ہیں لیکن کھانے کے اور ہیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے حکومت وقت غربت مٹانے کے بجائے غریب مٹاؤ اسکیم پہ گامزن ہے- عوام کو ریلیف دینے کے بجائے حکومت اپنی نااہلی اور ناکامی کو چھپانے کے لئے مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال کر عوام کو مزید پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار کررہی ہے۔ عوام کو حکمرانوں سے خیر کی امید ختم ہوچکی ہے- پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے جہاں ایک جانب معیشت کو دھچکا لگے گا وہیں روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء مہنگی اور عوام کی پہنچ سے مزید دور ہوجائیں گی- حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے ورنہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوسکتا ہے جسکی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی- پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوامی مسائل کے قابلِ عمل حل پیش کرتی ہے، ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔