اہلیانِ کراچی کا حق لینے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔اگر اس مردم شُماری کے نتائج تسلیم ہونے پر عوام نے کچھ نہیں کیا تو آئندہ حالات مزید بد سے بدتر ہوتے چلے جائیں گے۔ مصطفی کمال
January 11, 2021
*مورخہ 9 جنوری 2021*
( پریس ریلیز) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اہلیانِ کراچی کا حق لینے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔اگر اس مردم شُماری کے نتائج تسلیم ہونے پر عوام نے کچھ نہیں کیا تو آئندہ حالات مزید بد سے بدتر ہوتے چلے جائیں گے۔ کراچی کی مردم شُماری ٹھیک ہونے سے نہ صرف سندھ بھر کی عوام کی جان جاگیرداروں اور وڈیروں سے چھوٹ جائے گی بلکہ ایک معاشی انقلاب بھی آئے گا۔صوبائی حکومت اس لیے خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے کہ کراچی کی نشستیں بڑھنے سے انہیں سیاسی طور پر نقصان ہے۔ کراچی کی کم آبادی دکھا کر کراچی میں ترقیاتی کاموں کے نہ ہونے کو جواز پیش کیا جا رہا ہے۔ درست مردم شُماری سے کراچی میں ترقیاتی کاموں سے سندھ اور پاکستان کی آمدنی میں بھی بے تحاشہ اضافہ ہوگا۔ معاشی و سیاسی فوائد سے پورا پاکستان مستفید ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کراچی ڈویژن کے زمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، دیگر اراکین سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غلط مردم شُماری کا فائدہ صرف اور صرف ملک دشمن عناصر کو ہوگا اور اس کا خمیازہ تمام محب وطن پاکستانی بھگتیں گے۔ پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے کھوکھلے نعروں کا پردہ عوام کے سامنے چاک ہوگیا ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے ایک جانب کوٹہ سسٹم کو غیر معینہ مدت کیلئے توسیع دی اور اب دوسری جانب غلط مردم شُماری پر مہر ثبت کر کے کراچی سے دشمنی کا اقدام کیا ہے۔ ایم کیو ایم کے پاس 7 نشستیں ہیں جس سے وہ وفاقی حکومت کو ظالمانہ فیصلوں سے روک سکتی تھی لیکن اس نے کراچی والوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپ دیا۔ ملک میں مسائل کا انبار ہے اور آج بھی ہم نے صحیح سمت کا تعین نہیں کیا تو ترقی جانب گامزن نہیں ہونگے اور صحیح سمت میں جانے کیلئے حقائق کا علم ضروری ہے جنہیں قومی مفادات و سلامتی کے برخلاف ذاتی مفادات کے لیے نظرانداز کیا جارہا ہے۔