Categories
Home News پریس ریلیز

ملک کو نئے سوشل کانٹریکٹ کی ضرورت ہے۔ مصطفی کمال

ملک کو نئے سوشل کانٹریکٹ کی ضرورت ہے۔ مصطفی کمال

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سال نو کے موقع پر ملک کو نئے سوشل کانٹریکٹ کی ضرورت ہے۔ موجودہ نظام، طرز حکومت، طرز سیاست اور متعصبانہ رویوں پر ناصرف پاکستان مزید نہیں چل سکتا بلکہ سسٹم کو چلانے کی ضد میں ریاست کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔ نا حکومت عوامی فلاح کا کوئی کام کررہی ہے اور نا اپوزیشن کے پاس عوامی مسائل کے حل کا کوئی فارمولا ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عوام حکومت اور اپوزیشن سے مایوس ہونے کے علاؤہ اداروں سے مایوس ہورہے ہیں۔ حالات کے دلدل سے نکلنے کا واحد راستہ یہ ہے کہ نئے سال کی ابتداء پاکستان میں گرینڈ نیشنل ڈائلاگ کے زریعے ایک نئے ریاستی معاہدہ سے کیا جائے۔ جس میں حکومت، اپوزیشن، تمام سیاسی جماعتیں، عدلیہ، میڈیا، فوج اور حساس ادارے شریک ہوں اور مفاہمتی طرزِ عمل کو اپناتے ہوئے بترتیب 10، 20 اور 50 سالہ اہداف متعین کیے جائیں اور ان اہداف کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام سیاسی جماعتیں اپنا انتخابی منشور اور لائحہ عمل پیش کر کہ عوام کا مینڈیٹ حاصل کریں۔ موجودہ نظام عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سہراب گوٹھ سے پشتون برادری کے سینکڑوں نوجوانوں کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر بات کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے پہلے کہ کوئی بوٹ آجائے، بہتر ہوگا کہ پورے سسٹم کو ری بوٹ کردیا جائے۔ پاک سر زمین پارٹی پاکستان کی واحد سیاسی جماعت ہے جو مسائل کو رونا نہیں بلکہ قابل عمل حل پیش کرتی ہے، قوم نے دیکھ لیا کہ ہمارے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج لوگ وزیراعظم، وزراء اعلیٰ اور وزراء کی سیاسی جماعتیں چھوڑ کر پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔