Categories
خبریں

قیام پاکستان کا اصل مقصد قوم کے ہر فرد کو غلامی کے شکنجے سے آزادی دلا کر ان کا پیدائشی اور بنیادی حق عزت، انصاف اور اختیار کو یقینی بنانا تھا، مصطفی کمال

قیام پاکستان کا اصل مقصد قوم کے ہر فرد کو غلامی کے شکنجے سے آزادی دلا کر ان کا پیدائشی اور بنیادی حق عزت، انصاف اور اختیار کو یقینی بنانا تھا، مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 24 دسمبر 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے پاکستانی قوم کو قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور مسیحی برادری کو کرسمس کے تہوار کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان کا اصل مقصد قوم کے ہر فرد کو غلامی کے شکنجے سے آزادی دلا کر ان کا پیدائشی اور بنیادی حق عزت، انصاف اور اختیار کو یقینی بنانا تھا مگر افسوس کہ آج قوم آزاد ہوکر بھی ناعاقبت اندیش حکمرانوں کے ہاتھوں غلاموں سے بدتر زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں جو عوام کو صحیح گننے تک سے خوف زدہ ہیں، اسلامی فلاحی ریاست کے خواب کو عملی جامہ پہنانے والے قائد اعظم کی روح تڑپ جاتی ہوگی جب وہ اپنی قوم کو پینے کے صاف پانی، تعلیم، صحت، انصاف یہاں تک کہ کتے کاٹنے کی ویکسین سے محروم دیکھتے ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بحیثیت قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح (رح) کی انتھک محنت کے نتیجے میں وجود میں آنے والی اس مملکت خداد پر قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ بابائے قوم کے نظریہ اتحاد، تنظیم اور یقین محکم پر چل کر ہی پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست اور خوشحال و تابناک مستقبل کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کو عملی طور پر قائم کرئے گی۔ پی ایس پی قائد اعظم کا وہ پاکستان شرمندہ تعبیر کرئے گی جہاں زبان، رنگ، نسل، مسلک اور مذہب کی بنیاد پر نفرت یا تعصب نا ہو۔ ہم انشاء اللہ پاکستان کو قائد اعظم کی تعلیمات کے مطابق ایسا ملک بنائیں گے جہاں ہر طبقے کو ان کے بنیادی حقوق انکی دہلیز پر میسر ہونگے۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے لہٰذا نوجوانوں کو چاہئے کہ وہ سیاست سے کنارہ کشی کرنے کے بجائے بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کو اپنا مشعلِ راہ بنا کر ملکی سلامتی و بقاء سمیت نظریاتی و سیاسی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ دریں اثنا پی ایس پی کے چئیر مین مصطفی کمال نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسیحی عوام کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو امن و آشتی، محبت اور احترام انسانیت کا درس دیا ہے، قائد اعظم محمد علی جناح پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مساوی حقوق کے داعی تھے، آج دنیا بھر میں مذہبی رواداری کے پیغام کوعام کرنے کی ضرورت ہے۔ پاک سر زمین پارٹی پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں کے حقوق کی صحیح معنوں میں علمبردار ہے۔