اصلاحات کے بغیر موجودہ نظام ناصرف مفلوج ہوچکا ہے بلکہ ریاست کے لیے زہر قاتل بن چکا ہے۔ مصطفی کمال
December 1, 2020
پریس ریلیز
مورخہ یکم دسمبر 2020
پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ اصلاحات کے بغیر موجودہ نظام ناصرف مفلوج ہوچکا ہے بلکہ ریاست کے لیے زہر قاتل بن چکا ہے۔ آج ملک میں اصلاحات کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔ انتخابی، پارلیمانی، بلدیاتی، قانونی، عدالتی، بیوروکریسی، اداریاتی، صحت، تعلیم، پولیس میں مفصل اور فوری اصلاحات کے بغیر پاکستان مزید نہیں چل سکتا، اٹھارویں ترمیم کے نام پر عوام کو منتقل ہونے والے اختیارات اور وسائل پر نااہل، کرپٹ اور ظالم صوبائی حکمران قابض ہوگئے۔ صوبائی حکومتوں نے این ایف سی کی مد میں وفاق سے ملنے والے پیسوں کو زاتی ملکیت کے طور پر استعمال کیا گیا اور تمام ڈسٹرکٹ کو لاوارث چھوڑ دیا گیا۔ پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء اور اختیارات کو یوسی کی نچلی ترین سطح پر منتقل کیے بغیر عوام کا اعتبار اور اعتماد کسی حکومت یا اپوزیشن پر بحال ہوگا۔ حکومت اور اپوزیشن سے ناامید قوم پاک سر زمین پارٹی کی اہل و باکردار قیادت کی جانب دیکھ رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ آج کراچی سے کشمیر اور گلگت بلتستان تک عوام وزیراعظم اور وزراء اعلیٰ کی سیاسی جماعتیں چھوڑ کر پاک سر زمین پارٹی میں تیزی سے شمولیت کررہی ہے۔ پاک سر زمین پارٹی حکومت میں آتے ہی سب سے پہلے بڑے پیمانے پر اصلاحات کرئے گی تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں ہوشربا مہنگائی، بے روزگاری اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے جبکہ حکومت اور اپوزیشن اپنی تمام توانائیاں اقتدار کی رسہ کشی میں جھونک دی ہے، حکمران میڈیا پر عوام سے اصلاحات کا وعدہ تو کرتے ہیں لیکن جب عملی اقدامات کرنے کا وقت آتا ہے تو حیلے بہانے بنا کر یو ٹرن لے لیتے ہیں، حکومت اور اپوزیشن اگر واقعی جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو انتخابی اصلاحات کر کے جمہوریت کو مضبوط بنائیں تاکہ آئندہ کوئی بھی انتخابات چوری نہ کر سکے اور نا الزام لگا سکے۔