پاک سرزمین پارٹی کے زیر اہتمام اتوار کی شب پاکستان ہاؤس کے سامنے پرنور محفل حمد و نعت کا اہتمام کیا گیا۔
November 23, 2020
پریس ریلیز
مؤرخہ 23 نومبر 2020
پاک سرزمین پارٹی کے زیر اہتمام اتوار کی شب پاکستان ہاؤس کے سامنے پرنور محفل حمد و نعت کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں ملک کے شہرت یافتہ نعت خواں حضرات نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کئے۔محفل حمد و نعت سجانے پر پی ایس پی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے سرکاردوعالم ؐ کو صرف مسلمانوں کے لئے نہیں بلکہ تمام جہا نوں کے لئے رحمت بناکربھیجا اور آپ ؐ نے خطبہ حجتہ الوداع کے موقع پر جوپیغام دیاوہ پوری دنیا کیلئے عدل وانصاف،مساوات اوراحترام انسانیت پرمبنی عظیم منشورہے ۔ اس موقع پر پر چئیر مین سید مصطفی کمال، صدر انیس قائم خانی سمیت کارکنان ساتھ مل کر اس اشعار سے یہ عزم کیا کہ
,میرے نبی سے میرا رشتہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے ،
بتلا دو گستاخ نبی کو غیرت مسلم زندہ ہے
اُن پر مر مٹنے کا جذبہ کل بھی تھا اور آج بھی ہے,,
جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تقریب میں پارٹی صدر انیس قائم خانی اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل سمیت عاشقان رسول ﷺ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ محفل کا آغاز بعد نماز عشاء تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد بارگاہِ رسالت ﷺ میں نعتوں کا سلسلہ شروع کیا گیا جبکہ نظامت کے فرائض نامور نعت خواں رئیس احمد اور اسلم شیخ نے انجام دیئے جس میں انہوں نے سیرتِ طیبہ ﷺ پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف نعت خواں حضرات الحاج اویس رضا قادری، الحاج صدیق اسماعیل،صبیح الدین رحمانی، محترمہ حوریہ رفیق،مولانا فیصل قادری، مولانا یونس، سیدہ کوثر، نعمت اللہ، الماس نایاب اور انوار حمیدی نے بارگاہِ رسالت ﷺ میں نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ نعت رسول مقبول ﷺ کو سن کو شرکاء نعرہ تکبیر اور نعرہ رسالت ﷺ کی صدائیں بلند کرتے ہوئے نعت خوانوں کی مداح سرائی بھی کرتے رہے۔ جشن عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں پاکستان ہاؤس سمیت پوری سڑک کو برقی قمقموں اور پھولوں سے سجایا گیا تھا، پنڈال میں اسلامی فنِ تعمیر سے خوبصورت اسٹیج بنایا گیا تھا جس کی پھولوں کے گلدستوں اور گہواروں سے سجاوٹ کی گئی تھی جبکہ شرکاء محفل پر مختلف خوشبوعات کے اسپرے بھی کئے جاتے رہے۔ دوران تقریب شرکاء محفل کی تواضع کا سلسلہ جاری رہا۔ پی ایس پی رہنماؤں نے اسٹیج پر نعت پیش کرنے کیلئے آنے والے علماء کرام اور نعت خواں حضرات کو پھولوں کے ہار پہنائے اور انہیں ان کی نشست تک لے جانے کے فرائض انجام دیئے۔ پنڈال دو حصوں پر مشتمل تھا جن میں سے ایک میں مرد حضرات اور دوسرا خواتین کیلئے مختص تھا۔ اس موقع پر الحاج اویس رضا قادری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ محفل ذکر مصطفیٰ ﷺ میں موجود عاشقان رسول ﷺ پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور ان کی پریشانیوں کو دور فرمائے۔ نعت خواں حضرات نے محفل حمد و نعت کے شاندار انعقاد پر جناب مصطفیٰ کمال کو دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی درازی عمر اور صحت تندرستی کیلئے دعائیں کیں۔