متبادل فراہم کیے بغیر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مناظر نا صرف حکومتی نااہلی، بے حسی کا ثبوت ہیں بلکہ انتہائی تشویشناک ہے مصطفی کمال
November 22, 2020
*مورخہ 22 نومبر 2020*
(پریس ریلیز) چیئرمین پاک سر زمین پارٹی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ متبادل فراہم کیے بغیر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مناظر نا صرف حکومتی نااہلی، بے حسی کا ثبوت ہیں بلکہ انتہائی تشویشناک ہے۔ نااہل حکمران مسئلے کو ایک جگہ سے ہٹا کر پورے شہر میں پھیلا کر امن و امان کے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ جن لوگوں کے گھر توڑے جارہے ہیں وہ ہوا میں تحلیل نہیں ہوجائیں گے، وہ مریں گے نہیں بلکہ اسی شہر میں کسی اور نالے میں جا بسیں گے۔ ریاست ماں جیسی ہوتی ہے اور چھت فراہم کرنا ریاست کی زمہ داری ہے، ناجائز تجاوزات کرنے والے غریب عوام بھی اسی ملک کے شہری ہیں جنہیں ریاست چھت دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ موجودہ آپریشن میں حکومت کی جانب کوئی حکمت عملی ہی ترتیب نہیں دی گئی، معزز عدلیہ کو اس کا نوٹس لینا چاہیے اور حکمرانوں کو طلب کر کے انکی حکمت عملی پر سوال کرنا چاہئے کیونکہ حکومت کے اس طرز عمل سے ناصرف انتشار پیدا ہورہا ہے بلکہ نا کبھی نالے صاف ہوسکیں گے اور ترقیاتی کام بھی ہمیشہ کی طرح تعطل کا شکار رہیں گے جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑے گا۔ ایسا نہیں ہے کہ حکمرانوں کے پاس کوئی مثال موجود نہیں ہے۔ آج تو بہت کم گھر ہیں جو نالوں پہ بنے ہوئے ہیں، ہمیں لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر میں 34 ہزار گھروں کو منہدم کرنا پڑا تھا لیکن کوئی ایک مظاہرہ نہیں ہوا۔ لیاری ایکسپریس وے کے طریقے پر متبادل فراہم کرتے ہوئے نالوں سےگھر ہٹائے جائیں، لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر کے وقت ریاست، عدلیہ اور بلدیاتی حکومت نے جن لوگوں کے گھر توڑے انکے لئے 3 آبادیاں بمع بنیادی سہولیات بنائیں، 80 گز کا پلاٹ اور 50 ہزار روپے کا چیک دیا گیا۔ اسی لائحہ عمل پر عمل کریں، کراچی کی بہت زمین خالی ہے، علاقے مختص کریں، مہنگائی کا خیال کرتے ہوئے متاثرین کو ایک لاکھ روپے کا چیک اور 100 گز زمین دیں۔ بصورت دیگر شہر کے امن کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سینکڑوں نوجوانوں کی پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس پی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جو پاکستان کے تمام عوامی مسائل کا وہ قابلِ عمل حل پیش کررہی ہے جو مسائل کی جڑ کے خاتمے کا واحد راستہ ہے۔ اب یہ اربابِ اختیار پر ہے کہ وہ آج ہماری بات آج مانتے ہیں یا کچھ سال بعد مانتے ہیں لیکن ہمارے بتائے گئے حل کو جتنی دیر سے مانیں گے اتنا ہی زیادہ نقصان ریاست جو پہنچے گا۔ آج لوگ وزیراعظم اور وزیراعلی کی سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر پاک سر زمین پارٹی میں روزانہ بڑی تعداد میں شمولیت کررہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ آنے والا وقت پاک سر زمین پارٹی کا ہے۔