پی ایس پی کی سیاست کا محور ملکی عوامی مسائل اور انکا حل ہے مصطفی کمال
November 19, 2020
*مورخہ 19 نومبر 2020*
(پریس ریلیز) پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کی سیاست کا محور ملکی عوامی مسائل اور انکا حل ہے۔ پی ایس پی کو پورے پاکستان میں تیزی سے پزیرائی مل رہی ہے۔جب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے مشترکہ پریس کانفرنس کر کے ایم کیو ایم اور راء کے تعلقات کے واضح اور ناقابلِ تردید ثبوت دیتے ہوئے بھارت سے ٹریننگ لینے والے دہشتگردوں کو دکھا دیا تو ہمیں پریس کانفرنس کرکہ اس نام سے پردہ اٹھانا پڑا جو ان دہشتگروں کو ٹریننگ کے لیے بھارت اپنے ساتھ لے کر گئے تھے۔ ایک جانب ایم کیو ایم کے وہ سربراہ ہیں جو ٹریننگ کیلئے مہاجر نوجوانوں کو بہکا کر بھارت لے کر گئے، وہاں انہوں نے اپنا پاکستانی پاسپورٹ پھاڑا اور بھارتی ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر امریکہ گئے جہاں وہ نان ڈیزیگنیٹڈ لسٹ آف ٹیررسٹ Non Designated list of Terrorists میں شامل رہے لیکن 13 سال بعد وطن واپسی پر ایم کیو ایم کے سربراہی، وفاقی وزارت اور قومی اسمبلی کی رکنیت مل گئی تو دوسری طرف چھوٹے کارکنان موت کے گھاٹ اتار دیے گئے یا پھر لاپتہ اور جیلوں میں اذیت کی زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔ المیہ یہ بھی ہے کہ ایم کیو ایم کی مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے شہری سندھ کی عوام کو انکے آئینی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے، ملک کے خزانے میں ستر فیصد ٹیکس جمع کروانے والے شہر کے لیے خیراتی پیکج کا اعلان تو کیا جاتا ہے لیکن اسکا جائز حق ادا نہیں کیا جاتا۔ یہاں تک کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کی صحیح مردم شماری کے آڈٹ کے احکامات جاری نہیں کرسکے۔ 99.9 فیصد محب وطن پاکستانیوں کو ان 0.1 فیصد سے بھی کم افراد کے پس منظر میں دیکھا جاتا ہے جو ناصرف سراسر ظلم ہے بلکہ ناقابل قبول ہے۔ ہم اردو بولنے والوں کی اولادیں ہیں، ہم نے پاکستان بنایا اور اسے چلا کر دکھایا ہے۔ ہم نے محب وطن پاکستانی کی حیثیت سے شہری سندھ کی عوام کے آئینی حق کے لیے آواز بلند کی ہے۔ کراچی سے کشمیر تک تمام لوگوں کے مسائل کی فکر ہے اور انہیں حل کرنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔