قومی سلامتی، ملکی مسائل کے حل اور ترقی کے لیے قومی سطح پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔ مصطفی کمال
November 11, 2020
*مورخہ 11 نومبر 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ 8 نومبر کو باغ جناح میں اہلیانِ کراچی نے ملک کے 25 کروڑ عوام کی ترجمانی کی ہے۔ قومی سلامتی، ملکی مسائل کے حل اور ترقی کے لیے قومی سطح پر گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی اشد ضرورت ہے۔ اس ملک کو چلانے کیلئے 20 سال کے لیے ملکی اہداف اور ان تک حصول کیلئے لائحہ عمل طے کرنا ہوگا پھر اس کے مطابق پھر تمام سیاسی جماعتیں اپنا منشور بنا کر عوام سے مینڈیٹ لیں۔ موجودہ نظام مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔ موجودہ حکومت اپوزیشن سے لوٹا ہوا ایک روپیہ بھی واپس لانے میں ناکام تو تھی ہی لیکن اب جو لوٹ کھسوٹ کا بازار موجودہ حکومت میں گرم ہے اسکو تو روک لے۔ سرکاری اداروں میں رشوت کے ریٹ کئی سو گنا بڑھ گئے ہیں۔ موجوہ حکومت کی مثال ایسی ہی ہے جیسے ایک دکان میں ایک کروڑ کا سامان پڑا ہے جس میں سے ایک لاکھ کا سامان چوری ہوگیا اور مالک 99 لاکھ کا سامان دکان میں چھوڑ کر ایک لاکھ کے پیچھے بھاگ رہا ہے جبکہ پیچھے دکان سے 99 لاکھ کا سامان بھی چوری ہورہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان ہاؤس میں کراچی ڈویژن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جلد آئندہ کے لیے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، پاک سر زمین پارٹی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ پاکستان بھر کے عوام کے پاس پاک سرزمین پارٹی ہی واحد آپشن ہے۔ ہم کراچی سے کشمیر تک سب کے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں۔