اٹھ نومبر 2020 باغ جناح میں صرف کراچی نہیں پورے سندھ کا مقدمہ پیش کریں گے۔ مصطفی کمال
November 2, 2020
*مورخہ 2 نومبر 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 8 نومبر 2020 باغ جناح میں صرف کراچی نہیں پورے سندھ کا مقدمہ پیش کریں گے۔ عوام بلاتفریق رنگ، نسل، مذہب اور سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر کراچی سمیت پورے سندھ کی آواز بننے کے لیے ہمارا ساتھ دیں۔ حالات اتنے برے ہیں کہ عدالتیں فیصلہ دے رہی ہیں کہ اب اگر کسی ڈسٹرکٹ میں کتے نے کسی کو کاٹا تو ایف آئی آر ڈی سی کے خلاف کٹے گی۔ عوام بدترین حال میں رہنے پر مجبور ہے، بنیادی انسانی حقوق میسر نہیں۔ حکمران صرف کرپشن میں سرگرم ہیں۔ عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں، مہنگائی نے غریبوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حقیقی عوامی مسائل سے کسی کو سروکار نہیں، حکومت اپوزیشن کو نیچا دکھانا چاہتی ہے جبکہ اپوزیشن حکومت کو ہٹا ہر خود اقتدار میں آنا چاہتی ہے۔ کراچی سے کشمور تک اور کشمور سے کشمیر تک عوام کی حق تلفی کی جا رہی ہے اور اس رسہ کشی میں نقصان صرف عوام کا ہو رہا ہے۔ قومی سلامتی کے اداروں کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا انتہائی تشویشناک ہے۔ حکومت خود کو بچانے کیلئے اداروں کا نام استعمال کرتی ہے اور کہتی ہے کہ سب ایک صفحے پر ہیں جس سے تاثر جاتا ہے کہ ملک میں جو کچھ بھی غلط ہو رہا ہے اس میں اداروں کی مرضی شامل ہے جبکہ اپوزیشن حکومت پر تنقید کے بجائے حکومتی رویے کی وجہ سے اداروں پر تنقید شروع کر چکی ہے جو ملکی سالمیت کے لیے انتہائی تشویشناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس، لطیف آباد 6 نمبر، حیدرآباد میں کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی اور اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ سندھ بھر کی عوام پی ایس پی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں اور دعوت دیں، ہم ہتھیاروں کی سیاست کے خلاف ہیں، بات چیت سے تمام مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ ہمیں اپنے اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہر پاکستانی دنیا کے کسی بھی کونے میں ہو، پاکستان کا پرچم بلند کرنے میں فخر محسوس کرے۔