پی ایس پی کی جانب سے پاکستان بھر میں نکلنے والے جلوسوں کی گزرگاہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے
October 31, 2020
پریس ریلیز
مورخہ 31 اکتوبر 2020
پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے تمام عالم اسلام کو جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ سلم کو تمام عالم کیلئے رحمت بنا کر بھیجا گیا لہٰذا ان کی ولادت باسعادت کا دن نہ صرف مسلمانوں کیلئے باعث مسرت و رحمت و برکت کا دن ہے بلکہ پوری انسانیت کیلئے احترام کادن ہے۔ یہ ان خیالات کا اظہار پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے جشن عید میلا د النبی ﷺ کے موقع پر جلوسوں کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ محسن انسانیت حضرت محمد مصطفی تمام انسانیت کے لئے تعلیمات‘ روایات اور اصولوں کا عظیم خزانہ دے گئے ہیں،
پی ایس پی کی جانب سے پاکستان بھر میں نکلنے والے جلوسوں کی گزرگاہوں پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے، جلوسوں کے شرکاء میں شربت، شیرینی، ٹھنڈا پانی اور لنگر بھی تقسیم کیا گئی۔ کراچی میں پی ایس پی کے تحت جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر برآمد ہونے والے جلوسوں کیلئے شہر بھر میں مختلف مقامات پر مرکزی استقبالیہ کیمپوں کا انعقاد کیا گیا، جبکہ پی ایس پی کے تحت مرکزی کیمپ دلپسند ایم اے جناح روڈ پر لگایا گیا جہاں پی ایس پی کےصدر انیس قائم خانی دیگر مرکزی زمہ داران موجود تھے۔ علاوہ ازیں پاک سر زمین پارٹی کی جانب سے کراچی کے مختلف ڈسٹرکٹ میں عباس ٹاؤن کے مقام، حسین آباد، سرجانی ٹاؤن، ملیر ٹاؤن،لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، نارتھ کراچی ٹاؤن, شاہ فیصل ٹاؤن، نیو کراچی ٹاؤن یوسی6اور 12, اور قذافی چوک اورنگی ٹاؤن نمبر 1 کیمپس قائم کئے گئے جہاں پر صبح سے لیکر رات گئے تک جلوسوں کے شرکاء کا استقبال کیا جاتا رہا اور ان میں شیرینی، شربت، ٹھنڈا پانی اور لنگر تقسیم کیاجاتا رہا ۔ استقبالیہ کیمپوں پر نعتوں نے سما باندھے رکھا علاوہ مختلف علمائے کرام کے سیرت طیبہ ﷺ پر خطبات کی ریکارڈنگ بھی چلائی جاتی رہی۔