Categories
خبریں

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال کا پاکستانی عوام سمیت تمام عالم اسلام کو جشن عید میلادالنبی ﷺ کی دلی مبارکباد

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال کا پاکستانی عوام سمیت تمام عالم اسلام کو جشن عید میلادالنبی ﷺ کی دلی مبارکباد

Homepage

پریس ریلیز
مؤرخہ، 29 اکتوبر 2020

پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے پاکستانی عوام سمیت تمام عالم اسلام کو جشن عید میلادالنبی ﷺ کی دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ رب العالمین نے حضور پاک ﷺ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا ہے، نبی کریم ﷺ کائنات کے ہر ذی نفس اور زرے زرے کے لیے سراپا رحمت ہیں۔ انکی ذات کا ایک اعجاز یہ بھی ہے کہ کوئی بھی جتنا انکے بارے میں جاننے لگتا ہے اُتنا ہی نبی کریم ﷺ سے عشق بڑھتا جاتا ہے۔ ہم ان کا امتی ہونے پر جتنا شکر ادا کریں وہ کم ہے۔ سرکار دو جہاں حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ دنیا میں تشریف لائے اور قیامت تک انسانیت کو کامیابی کی کنجی عطا فرما گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نبی اکرم ﷺ سے عشق اور عقیدت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ ہمارا ایمان اس وقت تک مکمل نہیں ہوسکتا جب تک نبی کریم ﷺ کی محبت ہمارے لیے ہماری جان، اولاد، مال، خاندان سے بڑھ کر نہیں ہوجاتی۔ حضور اکرمﷺ کی عزت و عظمت کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض اور اسکی پہچان ہے۔ آزادی اظہار کے پردے میں نبی کریم ﷺ کی توہین ناصرف ناقابل برداشت ہے بلکہ منافقت کی بدترین مثال ہے۔ ہم حرمت رسول ﷺ پر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوۃ حسنہ کے تناظر میں بسر کریں۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ انسانیت کی فلاح صرف نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ کو اپنا کر دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں پنہاں ہے۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام و مشائخ عظام سے اپیل کی ہے کہ وہ جشن عید میلادالنبی ﷺ کے پرمسرت موقع پر نبی کریم ﷺ کی سیرت طیبہ پر روشنی ڈالتے ہوئے لوگوں کو مذہبی رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ایک دوسرے کے مسالک و عقائد کے احترام کا درس دیں اور پیار، محبت اور بھائی چارے کی فضاء کے فروغ کا پیغام دیں۔