مہنگائی نے کمر توڑ دی، حکمرانوں کے سبزباغ فریب ثابت ہوئے، مصطفیٰ کمال
October 21, 2020
*مورخہ 21 اکتوبر 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ حکومت اور مشترکہ اپوزیشن عوامی مفادات کے برعکس سیاسی مفادات کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ 8 نومبر کو اہلیانِ کراچی باغ جناح میں منعقدہ جلسے میں شرکت کر کے سوئے ہوئے حکمرانوں تک عوام کی آواز پہنچائیں۔ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، حکمرانوں کے دکھائے گئے سبز باغ صرف فریب ثابت ہوئے۔ پاک سرزمین پارٹی ہی واحد حل ہے کیونکہ ہم مسائل اجاگر کرنے کے ساتھ زمینی حقائق پر مبنی انکا حل بھی پیش کر رہے ہیں۔ عوام کا درد رکھنے والا ہر شخص اپنے حلقہ احباب کو جلسے میں شرکت کی دعوت دے اور اپنے اہلِ خانہ سمیت بھرپور شرکت یقینی بنائے۔ پی ایس پی حکومت اور اپوزیشن کی عوام کو نظر انداز کر کے اقتدار کے لیے رسہ کشی کی مخالفت کرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی بی کالونی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ کے ذمے داران اور کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی و اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس سندھ میں اخلاقی حمایت نہیں کیونکہ پیپلز پارٹی کی یہاں 12 سالوں سے حکومت ہے اور عوام کی حالت زار سب کے سامنے ہے۔ پیپلز پارٹی تفریق اور تعصب کی سیاست کر کے سندھ پر حکومت کرتی آ رہی ہے۔ سندھ بھر سے دانشوروں کو کہتا ہوں کہ سندھ کی بھلائی کے لیے پاک سرزمین پارٹی کے صحیح موقف میں اپنی بھی آواز شامل کریں اور سندھ کی مظلوم عوام کی ظالم حکمرانوں سے جان چھڑانے میں مدد کریں۔ پاک سرزمین پارٹی کراچی سے کشمور تک ہر شخص کے بنیادی حقوق کی دستیابی کے لیے قانون سازی کرنا چاہتی ہے جسکے لیے سندھ کے رہنے والے ہر شخص پر لازم ہے کہ وہ پی ایس پی کا ساتھ دے۔