ہم گزشتہ چار سالوں سے نفرتوں کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں مصطفی کمال
October 3, 2020
*مورخہ 3 اکتوبر 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم گزشتہ چار سالوں سے نفرتوں کے خاتمے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں، ہم نے سندھی قوم کو موجودہ دور کے انصار قرار دیا، مہاجروں میں شعور بیدار کیا کہ پیپلز پارٹی کے متعصبانہ مظالم کو سندھیوں کے ساتھ نہ جوڑیں اور سندھیوں کو آگاہ کیا کہ ایم کیو ایم کے صوبے کے مطالبے کو مہاجروں کے ساتھ نہ جوڑیں۔ ہم مسلسل قوم کو آگاہ کرتے چلے آئیں ہیں کہ پیپلز پارٹی نے بیک وقت سندھیوں اور مہاجروں کیساتھ ظلم کیا ہے۔ وقت آگیا ہے سندھی دانشور، ادیب اور رائے عامہ کو ہموار کرنے والے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے مہاجروں کے ساتھ پیپلز پارٹی کی جاری زیادتیوں پر بھی آواز اٹھائیں اور قوم میں شعور بیدار کریں کہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے دونوں بیٹوں کیساتھ زیادتی کی ہے۔ میں سندھ بھر کے دانشوروں سے گزارش کرتا ہوں کہ سندھ میں محبت اور بھائی چارے کی فضا کو مستحکم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں اور پیپلز پارٹی کی متعصبانہ حکومت کو بے نقاب کریں۔ پیپلز پارٹی کی اس طرز سیاست سے سندھ کی دھرتی ماں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور لوگ زبان کی بنیاد پر تقسیم ہو رہے ہیں جبکہ ایک متحد اور پر امن سندھ کہیں زیادہ تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔ حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات کے حصول کے لیے عوام کو لسانیت اور فرقہ واریت کی آگ میں جھونک دیا۔ مسلسل لسانی بنیادوں پر فیصلوں سے دلوں میں رنجشیں پیدا ہورہی ہیں، مہاجروں کی احساس محرومی کا ایم کیو ایم اپنے سیاسی مفادات کیلئے فائدہ اٹھاتی آئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشنِ معمار کے دورے پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلشنِ معمار میرا لیے نیا نہیں ہے، اسکو شہر سے ملانے کے لیے بسوں کے روٹ کے علاؤہ پل کی تعمیر کروائی۔ اس علاقے سے شہر کی نئی قیادت ابھر سکتی ہے۔ اس موقع پر پارٹی صدر انیس قائم خانی، اراکینِ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی و نیشنل کونسل اور حیدرآباد ڈویژن و ڈسٹرکٹ کے زمہ داران بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ نام نہاد جمہوری قوتیں انتخابات جیتنے کے بعد انتخابی اصلاحات نہیں کرتیں۔ جیتنے والوں کو پتا ہوتا ہے کہ اگر اصلاحات کیں تو اگلا الیکشن ہار جائیں گے اس لیے چور دروازہ کھلا رکھتے ہیں۔ موجودہ نظام ریاست کو مخدوش کررہا ہے، اس نظام کو ری بوٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک میں تعلیم، صحت، عدلیہ اور دیگر شعبوں میں اصلاحات کی شدید ضرورت ہے۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر سید مصطفیٰ کمال کا بھرپور استقبال کیا گیا، انکے حق میں نعرے لگائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔
*شعبہ نشر و اشاعت*
*پاک سرزمین پارٹی*