Categories
خبریں

بھارت میں معصوم اور نہتے پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر افسوس کا اظہار ، مصطفی کمال

بھارت میں معصوم اور نہتے پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر افسوس کا اظہار ، مصطفی کمال

Homepage

*مورخہ 30 ستمبر 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے بھارت میں معصوم اور نہتے پاکستانی ہندوؤں کے قتل پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہاں اقلیتوں سمیت مختلف ذات اور غیر ملکی ہندو بھی محفوظ نہیں ہیں۔ اب تک بھارت عالمی دنیا میں دہشتگردی اور عصمت دری کے واقعات کی وجہ سے بدنام تھا لیکن اب بھارت غیر ملکی افراد کے لیے بھی انتہائی غیر محفوظ ملک بن چکا ہے۔ جب بھی اس قسم کے واقعات رونما ہوتے ہیں تو ہر پاکستانی بلا تفریق رنگ، نسل اور مذہب قائدِ اعظم محمد علی جناح کے نظریہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے اپنے آباؤ اجداد کے فیصلے پر شکر گزار ہوتا ہے۔ عالمی برادری کو بھارت میں ہندو برادری کے معصوم پاکستانیوں کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت سے عالمی قوانین کے مطابق جواب طلب کرنا چاہیے۔ بھارت ہمیشہ سے اہنے گریبان میں جھانکنے کے بجائے پاکستان پر انگلیاں اٹھاتا ہے جبکہ آئین پاکستان تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کے انسانی حقوق اور مذہبی رسومات کی آزادانہ پیروی یقینی بناتا ہے۔ حکومت پاکستان ناصرف غیر ملکی سفیروں کے زریعے اقوام عالم میں پاکستانیوں کے قتل کے خلاف احتجاج کرے بلکہ ہر فورم پر آواز بلند کر کے سوگوار لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائے۔ اس ضمن میں پاک سرزمین پارٹی انصاف کے حصول کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے ہر احسن اقدام کی حمایت کرے گی۔