Categories
خبریں

پاک سرزمین پارٹی حسینیت کی پیروکار ہے، مصطفیٰ کمال

پاک سرزمین پارٹی حسینیت کی پیروکار ہے، مصطفیٰ کمال

Homepage

*مورخہ 29 آگست 2020*

(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے یوم عاشور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ اور خانوادہ رسولﷺ رہتی دنیا تک ناصرف حق کو باطل سے اور جیت کو کامیابی سے جدا کر گئے بلکہ تاقیامت کے لیے ثابت کرگئے کہ بظاہر دنیاوی لحاظ سے نظر آنے والی جیت ضروری نہیں کہ اصل کامیابی ہو۔ یزید یک طرفہ جنگ جیت کر بھی تاقیامت لعنت و ملامت کا صیغہ بن گیا جبکہ حضرت امام حسین ابن علی ؓ اور 72 اہل بیت میدان کربلا میں حق کی خاطر گردن کٹوا کر شجاعت اور عظیم کردار کی مثال بن کر امر ہوگئے۔ حضرت امام حسین ابن علی ؓ نے جس صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا مظاہرہ کیا وہ رہتی دنیا تک کے انسانوں کے لئے مثال ہے کہ دنیاوی اعتبار سے اپنا سب کچھ گنوا کر حق پر ڈٹے رہنا اصل کامیابی ہے۔ امام حسین ؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے اپنی گردنیں کٹوا کر باطل قوتوں کی گردنیں تا قیامت جھکا دیں۔ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کے آفاقی اصولوں کو رہتی دنیا تک کے لیے مثال بنا دیا ہے۔ اہل بیت سے محبت کا تقاضہ ہے کہ امت مسلمہ شہدائے کربلا کو یاد کرنے کے ساتھ ساتھ دین حق کو اپنی زندگیوں میں عملی طور پر لاگو کرئے۔ انسان کی سوچ اور زندگی اللہ تعالیٰ کے احکامات کے تابع ہونی چاہیے۔ ہمیں ہر روز یہ یاد رکھنا چاہیے حضرت امام حسین ؓ نے گردن سجدے کی حالت میں کٹائی تھی۔ اس لیے انکی قربانی کا بہترین صلہ یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ امتی اپنی زندگی دین حق کی تعلیمات پر بسر کریں اور اپنی آخرت کو کامیاب بنائیں۔ کربلا کے میدان میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کیخلاف جہاد کرنے کا درس دیتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ اور انکے جانثار ساتھیوں نے لازوال قربانیاں دے کر حق کا پرچم سربلند کیا۔ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔ انسانیت کی عظمت اور اسلام کی سربلندی کیلئے میدان کربلا میں قربانی دے کر تاریخ اسلام کا درخشاں باب رقم کیا۔ نواسہ رسولﷺ نے کردار و عمل سے حق کی آواز بلند کرنا اور مظلوموں کو ظلم و جبر کیخلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ دیا ہے۔ پاک سرزمین پارٹی حسینیت کی پیروکار ہے اور ظالم قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہے، آج ہیئت تبدیل ہو گئی ہے لیکن باطل قوتوں کا حق کے ساتھ مارکہ جاری ہے، آج بھی اربوں روپے کا بجٹ رکھ کر ظالم حکمران مظلوم عوام کو پینے کا پانی نہیں دے رہے۔ ہماری جدوجہد ہے کہ قوم ایک ملت واحد کی طرح متحد ہوکر اپنے فروعی اختلافات کو بھلا کر عالم اسلام کی ترقی کیلئے کام کرے اور اپنی صفوں میں مکمل اتحاد، اتفاق اور یگانگت قائم رکھے۔