چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، مصطفی کمال
August 11, 2020
*مورخہ 11 اگست 2020*
(پریس ریلیز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے، عدالت میں ایسا کوئی معاملہ نہیں تھا جس کی چار سالوں میں نشاندہی نہ کی ہو۔ پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم تینوں حکومتوں میں ہیں۔ سندھ میں پاک سرزمین پارٹی ہی اپوزیشن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کو چاہیے کہ وہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے آرمی چیف کے ہمراہ میڈیا کی موجودگی میں وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات کرنے آئیں اور تین کام کرائیں۔ اٹھارویں ترمیم کے بعد وزرائے اعلیٰ کو ملنے والے اختیارات ڈسٹرکٹ کی سطح پر منتقل کرائیں، این اف سی ایوارڈ کی طرز پر پی ایف سی ایوارڈ کا اجراء یقینی بنائیں نیز کراچی کو ایک ڈسٹرکٹ کی حیثیت سے بحال کرائیں جو پیپلز پارٹی نے تعصب کا چشمہ لگا کر چھ ڈسٹرکٹس میں تقسیم کر دیا ہے۔ کراچی پاکستان کا حصہ ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد کچھ نہیں کر سکتے وفاقی حکومت کا یہ بیانیہ درست نہیں، وزیراعظم کو اپنے عہدے کا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہیے۔ عوام کو بھی سوچنا چاہیے کہ وہ اپنی نسلوں کا مستقبل کن لوگوں کے ہاتھوں میں دے رہے ہیں۔ کراچی کے امن کی بحالی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے لیکن اس کے ساتھ دلوں کو جوڑنے، نفرتوں اور اسلحے کی سیاست کے خاتمے کے لیے پاک سرزمین پارٹی نے بھی اہم اور موثر کردار ادا کیا ہے۔