Categories
خبریں

کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، مصطفی کمال

کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، مصطفی کمال

Homepage

*پریس ریلیز*
*مورخہ 5 اگست 2020*

چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہے، کشمیری ہمارے بھائی ہیں، انکی پاکستان سے محبت و عقیدت لازوال ہے، وہ پاکستان کا نعرہ لگاتے ہیں، پاکستان کا جھنڈا اٹھاتے ہیں اور اسی جھنڈے میں لپیٹ کر اپنے شہیدوں کو دفناتے ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو اسی جرم کی سزا دے رہا ہے، کشمیری بھائی بہنوں کی تکلیف کو محسوس کرتے ہوئے ان کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پی ایس پی پاکستان کے دفاع میں مصروف فرنٹ لائن کی سیاسی جماعت ہے۔ ملک کا دفاع ہم اپنی جانوں پر کھیل کر رہے ہیں۔ ہم نے کشمیر کی جنگ کراچی میں لڑی ہے، ہم نے پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں کسی سیاسی جماعت سے مقابلہ نہیں کیا بلکہ ہم نے بھارت سے مقابلہ کیا ہے۔ جب جب مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی زور پکڑتی تھی تب تب را کے ایجنٹس کراچی میں خون کی ھولی کھیلتے تھے، ہم نے پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی میں بھائی کو بھائی سے ملا کر بھارتی خفیہ ایجنسی راء کی سرمایہ کاری کو ختم کیا ہے، 3 مارچ 2016 کو جب ہم نے پاکستان کی خاطر اپنی اور اپنے اہل خانہ کی زندگیوں کو داؤ پر لگایا اور وطن واپس آکر قوم کو بتایا کہ الطاف حسین بھارتی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ ہے تو کچھ لوگوں نے ہماری بات تسلیم کی اور کچھ نے تسلیم نہیں کی، آج چار برس بعد ایم انور نے لندن میں بیٹھ کر تسلیم کرلیا کہ وہ بذات خود راء سے پیسے لیکر الطاف حسین کو دے رہا تھا۔ ہمارے رب نے ہماری کہی ایک ایک بات کو سچ ثابت کردیا۔ 5 اگست 2019 کو جب بھارت نے کشمیر پر اپنے غیر قانونی ظالمانہ تسلط کو آئینی شکل دی تو پاک سر زمین پارٹی وہ پہلی سیاسی جماعت تھی جس کی اعلیٰ قیادت کشمیریوں کیساتھ یکجہتی کے لیے کراچی سے آزاد کشمیر پہنچی۔ پاک سرزمین پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے ہر مثبت قدم کی بھرپور حمایت کرے گی اور پورا پاکستان خصوصاً کراچی آخری سانس تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں کشمیریوں پر جاری بھارتی بربریت، اقوام متحدہ کی قرارداد کے برخلاف مودی سرکار کے 5 اگست 2019 کے ظالمانہ فیصلے اور وادی میں جاری لاک ڈاون کو ایک سال مکمل ہونے پر یوم استحصال کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، نیشنل کونسل کے زمہ داران سمیت کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سندھ اور پاکستان کے رہنے والوں کے خلاف کام کر رہی ہے، آج کی حکومت لوگوں کے دلوں سے پاکستان کی محبت کو کم کر رہی ہے، اپنی کریشن، اقرباء پروری، تعصب اور نااہلی کی وجہ سے پورے سندھ میں جو حالات پیدا کر دیئے ہیں وہ پاکستان کے بیرونی دشمنوں خصوصاً بھارت کو صوبہ سندھ میں آگ بھڑکانے کے لئے بہت سارا مواد فراہم کررہے ہیں۔ جسکے گھر پینے کے صاف پانی کی جگہ گٹر کا پانی آتا ہو، جواں سال بچہ کرنٹ لگنے سے مرجائے، تعلیمی اداروں میں داخلے اور روزگار نا ملے، بچہ خوراک اور کتے کے کاٹنے کی ویکسین نا ملنے پر مرجائے اسکو کیا پاکستانیت سمجھائیں گے؟ بنیادی سہولیات سے محروم افراد ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم میں استعمال ہوجاتے ہیں۔ دشمن بھی پاکستانیو کو پاکستان سے اتنا بدظن نہیں کرسکتا جتنا ہمارے ناعاقبت اندیش حمکراں کر رہے ہیں، یہ سیاسی دہشت گرد ہیں اور یہ جمہوری دہشتگردی میں ملوث ہیں جو سرکاری پروٹوکول استعمال کرتے ہوئے عوام کو گٹر ملا پانی پلا کر، صحت، تعلیم، نوکری، کاروبار اور بجلی سے محروم رکھ کر انہیں موت کے منہ میں دھکیل رہے ہیں، حکمران بڑے پیمانے پر نسل کشی کررہے ہیں لیکن انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں ہے۔ حکمران روز میڈیا پر ایسے بیٹھ جاتے ہیں جیسے خبریں پڑھ کر بتا رہے ہیں، تمہارا کام ہمیں اطلاع دینا نہیں، تمہاری زمہ داری ہمارے مسائل کو حل کرنا ہے۔ جنہوں نے لاڑکانہ کو پیرس بنانے کا نعرہ لگایا تھا انہوں نے کراچی کو بھی لاڑکانہ بنا دیا ہے، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اپنی تعصب کی عینک اتارنے کے لئے تیار نہیں۔ اس لیے اس تعصب زدہ، ظالم اور کرپٹ حکومت کے خلاف کھڑے ہونے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس پی ایک متحرک سیاسی جماعت ہے۔ پی ایس پی پاور پوائنٹ پر مسائل کی بریفنگ لینے والی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کے تمام مسائل کے قابل عمل حل پیش کرنے والی سیاسی جماعت ہیں کیونکہ ہمارے ہاتھوں سے ہی ہمارے رب نے پاکستان کی معاشی شہ رگ کو دنیا کے 12 تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل کروایا تھا۔ جب ہم کراچی چکا سکتے ہیں تو سندھ سمیت تمام پاکستان کو چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔